قومی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور مردان کے مرد میدان یونس خان 38 برس کے ہوگئے

اتوار 29 نومبر 2015 14:28

قومی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور مردان کے مرد میدان یونس خان 38 برس کے ہوگئے

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 29نومبر- 2015ء) قومی ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی اور مردان کے مرد میدان یونس خان 38 برس کے ہوگئے ہیں ، یونس خان 1977ء میں آج کے دن خیبر پختونخوا کے شہرمر دان پیدا ہوئے ۔ وہ اس وقت 53 سے زیادہ کی ٹیسٹ اوسط کے مالک ہیں اور سری لنکا کے خلاف ٹرپل سنچری اور روایتی حریف بھارت کے خلاف انہی کے میدان پر ڈبل سنچری سکور کر چکے ہیں ۔

پاکستان نے ان کی قیادت میں 2009ء کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتا تھا ۔ یونس خان چھوٹی عمر ہی میں کراچی منتقل ہو گئے تھے جہاں پر ملیر جم خانہ میں سعید انور اور راشد لطیف نے ان کی صلاحیتوں کو نوٹ کیا اور بعد ازاں راشد لطیف سے دوستی اور ان کی سپورٹ ہی سے یونس خان کے لئے عالمی کرکٹ کے دروازے وا ہوئے ۔ دو کامیاب ڈومیسٹک سیزن کھیلنے کے بعد ہی انہیں قومی ٹیم میں شامل کرلیا گیا ، انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 2000ء میں سری لنکا کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں کیا جہاں وہ پہلی اننگز میں تو کچھ نہ کر سکے البتہ دوسری اننگزمیں سنچری بنا ڈالی ۔

(جاری ہے)

یونس کو ٹیم میں جگہ پکی کرنے میں چار سال لگے ۔ روایتی حریف بھارت کے خلاف ان کی کاکردگی ہمیشہ سے شاندار رہی ہے جس کے خلاف انہوں نے 88 کی اوسط سے رنز سکور کررکھے ہیں ۔ مارچ 2010ء میں محمد یوسف سمیت ان پر ڈسپلن کی خلاف ورزی کے الزام میں پابندی لگی جو تین ماہ بعد ہی اٹھا لی گئی ۔ جون 2015ء کو وہ پاکستان کی جانب سے 100 ٹیسٹ کھیلنے والے 5ویں کھلاڑی بنے جس کے بعد اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف انہوں نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑا ۔ انہوں نے ملک کی طرف سے سب سے زیادہ 31 سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں وہ 14 ویں نمبر پر موجود ہیں ۔

وقت اشاعت : 29/11/2015 - 14:28:38