قومی ٹیم اگلے سال دورہ آسٹریلیا میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلے گی

پیر 30 نومبر 2015 14:28

قومی ٹیم اگلے سال دورہ آسٹریلیا میں ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلے گی

شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 30نومبر- 2015ء) تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کی نیوزی لینڈ کے خلاف تین وکٹ سے کامیابی کے بعد اگلے سال ایڈیلیڈ اوول میں پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کیلئے پی سی بی نے ابھی سے تیاری شروع کردی ہے اور آسٹریلیا کی تیار کی ہوئی پنک گیندیں درآمد کی ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اس وقت دو تجاویز زیر غور ہیں ۔

(جاری ہے)

پہلی تجویز میں قائد اعظم ٹرافی کے سپر ایٹ رائونڈ کے تمام چار میچ اور فائنل نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ کرایا جاسکتا ہے اور دوسری تجویز میں کہا گیا ہے کہ چوںکہ قائد اعظم ٹرافی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بہت کھلاڑی حصہ لیتے ہیں اس لئے پاکستانی ٹیم کے30،35 کھلاڑیوں کے پول میں سے دو ٹیمیں بناکر ان کے درمیان ڈے نائٹ میچوں کی سیریز کرائی جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سٹیڈیم میں اس سے قبل بھی ڈے نائٹ فائنل ہوچکا ہے کیونکہ یہاں کا موسم زیادہ سرد نہیں ہے اور دھند بھی نہیں پڑتی ۔ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ون ڈے کپتان اظہر علی نے کرکٹ کمیٹی میں شامل ہونے کے بعد اس بارے میں پی سی بی کو تجاویز دی ہیں ۔

وقت اشاعت : 30/11/2015 - 14:28:12