دوسرا ون ڈے ، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی

ہفتہ 6 فروری 2016 15:25

دوسرا ون ڈے ، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی

ویلنگٹن (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار6فروری- 2016ء) آسٹریلیا نے دوسرے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔ کین ولیم سن 60 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ مارٹن گپٹل نے 31، برینڈن میکولم نے 28، گرانٹ ایلیٹ نے 32 ، کورے اینڈرسن نے 16، لیوک رونچی نے 19، مچل سینٹنر نے 45 اور ایڈم ملنے نے 36 رنز بنائے ۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 جبکہ سکاٹ بولانڈ، ایڈم زامپا اور مچل مارش نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں ۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اوپنرز نے عمدہ کھیل پیش کرکے ٹیم کو 122 رنز کا آغاز فراہم کیا جسکے بعد مچل مارش نے 69 اور جان ہیسٹنگز نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کر دیا ۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ وارنر نے 79 گیندیں کھیل کر 4 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے ، پاکستانی نژاد آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے بھی 50 رنز بنائے ۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 3 جبکہ میٹ ہینری نے 2 اور ٹرینٹ بولٹ نے کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں آسٹریلیا کو بدترین شکست سے دوچار کیا تھا جس کے بعد دوسرے میچ کامیابی کیساتھ ہی چیپل ہیڈلی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے ۔سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 8 فروری کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا ۔

وقت اشاعت : 06/02/2016 - 15:25:46