ایشیا کپ ، ورلڈ ٹی ٹونٹی کا حتمی سکواڈ تیار ، خرم منظور کی حیرت انگیز انٹری

بدھ 10 فروری 2016 12:51

ایشیا کپ ، ورلڈ ٹی ٹونٹی کا حتمی سکواڈ تیار ، خرم منظور کی حیرت انگیز انٹری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔10 فروری۔2016ء) پاکستان کر کٹ بورڈ(پی سی بی )کے چیئرمین شہریار خان نے بھارت میں ہونیوالے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور بنگلہ دیش میں ہونیوالے ایشیا کپ کیلئے 15 رکنی قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کی منظوری دیدی ، احمد شہزاد کو مسلسل خراب کارکردگی پر ڈراپ کر دیا گیا ہے جبکہ انکی جگہ انگلینڈ لائنز کیخلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر نیوالے اوپنر خرم منظور کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، فاسٹ باؤلر عمر گل اور مڈل آرڈر بلے باز صہیب مقصود کو بھی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے جب کہ پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد نواز اور رومان رئیس کو ٹیم میں شام کر لیا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت میں ہونیوالے آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے ٹیم کے نام پی سی بی چیئر مین شہریار خان کی منظوری کے بعد انٹر نیشنل کر کٹ کو نسل کو بھجوا دئیے ہیں ، پی سی بی ذرائع کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے پر سلیکٹرز نے محمد نواز اوررومان رئیس کو ورلڈ ٹی ٹونٹی کے سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ اوپنر احمد شہزاد کی مسلسل خراب کارکردگی کی بنا پر انہیں ڈراپ کرکے خرم منظور کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ذرائع کے مطابق اوپنر احمد شہزاد کو ٹیم سے ڈراپ کر نے کا فیصلہ ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کی مشاورت کے بعد کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ عمر گل اور صہیب مقصود کو بھی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے جب کہ کامران اکمل بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہونگے ۔ افتخار احمد ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹونٹی دونوں ایونٹس میں ٹیم کا حصہ ہونگے ۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی ٹیم میں شاہد آفریدی کپتان کے فرائض سرانجام دیں گے جب کہ ٹیم میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں عمراکمل ، محمد حفیظ ، خرم منظور ، شعیب ملک ، عماد وسیم ، انورعلی ، محمد نواز ، نعمان رئیس ، سرفرازاحمد ، بابر اعظم ، وہاب ریاض ، عرفان احمد ، محمد عامر اور افتخار احمد شامل ہیں ۔

وقت اشاعت : 10/02/2016 - 12:51:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :