جارح مزاج کرکٹرز سے نمٹنے کے لیے امپائرز کو ییلو ، ریڈ کارڈ سے لیس کرنیکا فیصلہ

جمعرات 11 فروری 2016 13:07

جارح مزاج کرکٹرز سے نمٹنے کے لیے امپائرز کو ییلو ، ریڈ کارڈ سے لیس کرنیکا فیصلہ

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار11فروری- 2016ء) کرکٹ میں کھلاڑیوں کے درمیان لڑائی جھگڑا تو عام سی بات ہے لیکن ایسے ہر موقع پر امپائر سوائے میچ ریفری کو شکایت کرنے کے اور کچھ نہیں کر سکتا تاہم اب ایم سی سی نے تجویز دی ہے کہ کرکٹ میں بھی کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کرنے کا تجربہ کیا جائے ۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے پرجوش اور جذباتی کھلاڑیوں کو اب ہوشیار ہو جانے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے غصے کا خمیازہ انہیں میدان سے باہر نکالنے پر مجبور کر سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

فٹ بال اور ہاکی کی طرز پر اب کرکٹ میں بھی ییلو کارڈ اور ریڈ کارڈ کا تجربہ کیا جائے گا ۔ امپائر ییلو کارڈ دکھا کر بے لگام کھلاڑیوں کو سمجھائیں گے پھر بھی نہ سمجھے تو ریڈ کارڈ سے باہر کا رستہ دکھائیں گے ۔ کرکٹ کے قوانین بنانے والے ادارے میلیبون کرکٹ کلب نے انگلینڈ میں ڈومیسٹک میچوں کے دوران کارڈ سسٹم کا تجربہ کرنے کی تجویز دی ہے اور اگر تجربہ کامیاب رہا تو پھر اسے انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی آزمایا جائے گا ۔ سابق کرکٹرز کا کہنا ہے کہ دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ میں بھی اب امپائرز اور ریفریز کو زیادہ بااختیار بنانے کی ضرورت ہے ۔ جب ریڈ کارڈ کی طاقت ہاتھ میں ہو گی تو امپائرز زیادہ اعتماد سے فیصلے کریں گے ۔

وقت اشاعت : 11/02/2016 - 13:07:45