سیف گیمز میں پاکستان نے بھارت کو ہاکی میں 1-0 سے ہرا کر طلائی تمغہ جیت لیا

پاکستان کی جانب سے واحد اور فیصلہ کن گول اویس الرحمان نے کیا صدر ، وزیراعظم ، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات ،وزیراعلیٰ پنجاب نے گولڈ میڈل جیتنے پاکستان کی ہاکی ٹیم کو مبارکباد

جمعہ 12 فروری 2016 22:28

سیف گیمز میں پاکستان نے بھارت کو ہاکی میں 1-0 سے ہرا کر طلائی تمغہ جیت لیا

گوہاٹی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 فروری۔2016ء) پاکستان نے 12ویں جنوبی ایشیائی کھیلوں (سیف گیمز)میں ہاکی کے مقابلوں کے فائنل میں بھارت کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی ۔یہ جنوبی ایشیائی کھیلوں میں ہاکی کے مردوں کے مقابلوں میں پاکستان کا مسلسل تیسرا طلائی تمغہ ہے۔گوہاٹی میں جمعے کی شب کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کی جانب سے واحد گول پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں اویس الرحمان نے کیا۔

دوسرے ہاف میں بھارت کی جانب سے میچ برابر کرنے کی کئی کوششیں کی گئیں لیکن پاکستان کے دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر کے عمدہ کھیل کی وجہ سے انھیں کامیابی نہ مل سکی۔ اس فتح کے نتیجے میں ان کھیلوں میں پاکستان کے طلائی تمغوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست رہی اور فائنل سے قبل ابتدائی مرحلے میں بھی اس نے بھارت کو شکست دی تھی۔

اس فتح کے نتیجے میں ان کھیلوں میں پاکستان کے طلائی تمغوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے جبکہ اس کے علاوہ اس نے چاندی کے 23 اور کانسی کے 43 تمغے جیتے ہیں۔ بھارت مجموعی طور پر49 تمغوں کے ساتھ ان کھیلوں میں پہلے نمبر پر ہیں جن میں سونے کے 146، چاندی کے 80 اور کانسی کے 23 تمغے شامل ہیں۔صدرمملکت ممنون حسین ، وزیراعظم محمد نواز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گولڈ میڈل جیتنے پاکستان کی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے سیف گیمز میں طلائی تمغہ حاصل کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے سیف گیمز میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ انھوں نے سیف گیمز میں مختلف کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دیگر کھلاڑیوں کو بھی مبارک باد دی ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ ان کی فتوحات کا سلسلہ جاری رہے گا۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کی شاندار فتح پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے ۔

وقت اشاعت : 12/02/2016 - 22:28:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :