دوسرا ٹی ٹونٹی ، بھارت نے سری لنکا کو 69 رنز سے ہرا کر تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی

ہفتہ 13 فروری 2016 13:15

دوسرا ٹی ٹونٹی ، بھارت نے سری لنکا کو 69 رنز سے ہرا کر تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی

رانچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 فروری۔2016ء) رانچی میں بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹی 20 کرکٹ میچ میں 69 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی ہے۔بھارت نے سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔شیکھر دھون نے 25 گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 اور روہت شرما نے 43 رنز کی اننگز کھیلیں اور اپنی ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔

ان دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 75 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے تھیسارا پریرا نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک کی۔ انھوں نے لگاتار تین گیندوں پر سریش رائنا، ہردک پانڈیا اور یوراج سنگھ کی وکٹیں حاصل کیں۔197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 20 اووروں میں نو وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز ہی بنا سکی۔

(جاری ہے)

صرف 68 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کی ابتدائی پانچ وکٹیں گر چکی تھیں۔

تلکرتنے دلشان صفر، دنوشکا گوناتھلاکا دو اور پرسننا ایک رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔سری لنکا کی جانب سے کپتان چندیمل 31 اور کپوگیدرا 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جبکہ سری وردنا 28 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔بھارت کی جانب سے روی چندرن ایشون نے تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ ان کے علاوہ اشیش نہرا، روندرا جدیجہ اور بمراہ دو، دو وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔اس سے قبل پونے میں کھیلے گئے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا نے بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

وقت اشاعت : 13/02/2016 - 13:15:11