مڈل سیکس کے کپتان ایڈم ووجز حادثاتی طور پر گیند لگنے سے ہسپتال جا پہنچے

پیر 2 مئی 2016 12:06

مڈل سیکس کے کپتان ایڈم ووجز حادثاتی طور پر گیند لگنے سے ہسپتال جا پہنچے

ہمپشائر(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 2مئی ۔2016ء ) انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ کے ڈویژن ون کے ایک میچ میں مڈل سیکس کے کپتان ایڈم ووجز انوکھے واقعے میں سر پر گیند لگنے کے باعث ہمپشائر کے خلاف جاری فرسٹ کلاس میچ سے باہر ہوگئے ہیں ۔ 36سالہ آسٹریلیوی مڈل آرڈر بلے باز ایڈم ووجز کاؤنٹی چیمپئن شپ میں ہمپشائر کیخلاف روز باؤل کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جارہے میچ میں مڈل سیکس کے کپتان تھے ، سلپ پر فیلڈنگ کے دوران سابق برطانوی اوپنر مائیکل کاربری نے باؤنڈری ماری تو متبادل فیلڈر اولی رینر کے واپس پھینکی گئی تھرو وکٹ کیپر جان سمپسن کے ہاتھوں سے نکل کر ایڈم ووجرز کے سر کے پچھلے حصے پر لگی جس کے فوری بعد وہ زمین پر لیٹ گئے تاہم مڈ ل سیکس اور ہمپشائر کے فزیوز کے گراؤنڈ میں پہنچنے تک ووجز ہوش میں آچکے تھے جس کے بعد وہ ان دونوں فزیو تھیراپسٹس کا سہارا لیکر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے جس کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ان کی تمام رپورٹس کلیئر آئیں ۔

(جاری ہے)

مڈل سیکس کے ڈائریکٹر آف کرکٹ آرگس فریزر کا کہنا تھا کہ پہلے تو فزیو کو یہ لگا کہ ووجز اپنے ہوش وہوا س کھو بیٹھے ہیں تاہم بعد میں ہسپتال میں ہوئے ٹیسٹوں کی رپورٹس کلیئر آئیں،یہ ایک حادثاتی انجری تھی ،ووجز اب بہت بہتر محسوس کررہے ہیں جو ایک خوش آئند بات ہے ۔

مڈل سیکس کے کپتان ایڈم ووجز حادثاتی طور پر گیند لگنے سے ہسپتال جا پہنچے
وقت اشاعت : 02/05/2016 - 12:06:27