پی سی بی سے شیخوپورہ سٹیڈیم میں قومی ٹی ٹونٹی، ون ڈے کپ کے انعقاد کا مطالبہ

پیر 2 مئی 2016 16:50

لاہور ۔ 2 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مئی۔2016ء) رکن پنجاب اسمبلی و شیخوپورہ سٹیڈیم ٹرسٹ کے ممبر رانا علی سلمان، ایم پی اے عارف خان سندھیلہ اور مقامی کرکٹر نواز قاسم نے فیصل آباد میں ہونے والے پاکستان کرکٹ کپ کے انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے سڈنی طرز کے شیخوپورہ سٹیڈیم میں بھی قومی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کپ کے انعقاد کا مطالبہ کردیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کے دیگر شہروں کی طرح شیخوپورہ کے شائقین کرکٹ کا بھی حق ہے کہ شیخوپورہ سٹیڈیم آباد ہو اور یہاں پر بھی فلڈ لائٹس لگوا کر قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز کروائے جائیں۔ شیخوپورہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو فاسٹ باؤلر عاقب جاوید، محمد آصف، رانا نوید الحسن، مجاہد جمشید، ذوالفقار بھٹی، عمران نذیر جیسے کھلاڑی دیئے لیکن اس سٹیڈیم کو ہر سطح پر نظر اندا ز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

شیخوپورہ سٹیڈیم میں میچز منعقد ہوں گے تو قومی کرکٹ ٹیم کو عاقب جاوید، محمد آصف، عمران نذیر اور مجاہد جمشید کے متبادل کھلاڑی مل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شیخوپورہ سٹیڈیم کو سابق ڈی سی شیخوپورہ و وفاقی سیکرٹری شفقت نغمی نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بنائے گئے سٹیڈیم کی طرز پر بنایا تھا اور اس میں پاکستان اور زمبابوے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جاچکے ہیں اس سٹیڈیم میں آخری انٹرنیشنل ون ڈے میچ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے مابین 2 فروری 2008ء کو کھیلا گیا تھا لیکن پھر سری لنکا کی ٹیم پر لبرٹی میں ہوئے حملہ کے بعد ملک میں دیگر سٹیڈیمز کی طرح یہاں بھی انٹرنیشنل میچز نہ ہوسکے لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کے بے شمار میچز یہاں کھیلے جاتے ہیں۔

سٹیڈیم میں 18000 تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ رانا علی سلما ن نے سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید، محمد آصف، رانا نوید الحسن، مجاہد جمشید، ذوالفقار بھٹی اور عمران نذیر سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ شیخوپورہ سٹیڈیم میں قومی ون ڈے کپ اور ٹی ٹونٹی کپ کے انعقاد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

وقت اشاعت : 02/05/2016 - 16:50:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :