سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کیلئے روانہ ہو گئی،آئی لینڈرز 8 مئی کو تین روزہ ٹور میچ سے دورے کا آغاز کرے گی

بدھ 4 مئی 2016 20:02

سری لنکن کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ کیلئے روانہ ہو گئی،آئی لینڈرز 8 مئی کو تین روزہ ٹور میچ سے دورے کا آغاز کرے گی

کولمبو ۔ 4 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مئی۔2016ء) سری لنکن ٹیم اینجلومیتھیوز کی قیادت میں جیت کا عزم لئے دورہ انگلینڈ کیلئے روانہ ہوگئی۔ سری لنکن ٹیم 8 مئی کو ایسکس کے خلاف تین روزہ ٹور میچ سے دورے کا آغاز کریگی، آئی لینڈرز دورے کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور واحد ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل سری لنکن ٹیم دو تین روزہ پریکٹس میچز کھیلے گی۔ سری لنکا اور ایسکس کے درمیان پہلا تین روزہ پریکٹس میچ 8 سے 10 مئی تک کھیلا جائے گا جبکہ سری لنکا اور لائسسٹرشائر کے درمیان تین روزہ میچ 13 سے 15 مئی تک کھیلا جائے گا۔ سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 19 مئی سے ہو گا، دوسرا اور آخری ٹیسٹ 27 سے 31مئی تک کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ روانگی سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سری لنکن قائد نے کہا کہ انگلش ٹیم سے خوفزدہ نہیں، ڈٹ کر مقابلے کیلئے تیار ہیں، ٹیم میں شامل نوجوان کھلاڑیوں کے پاس اپنی صلاحیتوں کو منوا کر اپنی جگہ کو مستقل کرنے کا سنہری موقع ہے، امید ہے وہ مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکویلا کو ٹیسٹ سیریز میں تیسرے نمبر پر آزمانے کا بھی عندیا دے دیا، تھریمانے تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور ہمیں ان کی بیٹنگ تجربے کی ضرورت پڑے گی، امید ہے کہ وہ ٹیسٹ سیریز سے قبل سو فیصد فٹ ہو جائیں گے۔

سری لنکن ٹیم کے کوچ گراہم فورڈ نے ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر ہرانا مشکل ضرور ہے تاہم نا ممکن نہیں، فتح کیلئے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔

وقت اشاعت : 04/05/2016 - 20:02:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :