پی سی بی کا مدثرنذر کوڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز بنانے کا فیصلہ

جمعہ 6 مئی 2016 12:17

پی سی بی کا مدثرنذر کوڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے مدثر نذر کو ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمیز مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔سابق آل راوٴنڈر کی تقرری کے لئے امیدوار کے لئے گریجویشن کی شرط ختم کردی ہے۔ مدثر نذر کی تقرری کا اعلان چند روز میں کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق آسٹریلیا کے اسٹیورٹ لا کے انکار کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا معاملہ کٹھائی میں پڑگیاہے تاہم پی سی بی نے سابق آل راوٴنڈر مدثر نذر کو ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمیز مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور گریجویشن کی شرط ختم کردی گئی ہے۔

جس کے بعد مدثر نذر کی تقرری یقینی ہوگئی ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق کوچنگ اورایڈمنسٹریشن کے وسیع تجربے کے پیش نظر مدثر نذر ڈائریکٹراکیڈمیز کیلئے بورڈ آف گورنرز کا متفقہ فیصلہ ہے۔

(جاری ہے)

نیا عہدہ ایشیاکپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی مایوس کن پرفارمنس کے بعد پی سی بی میں تبدیلیوں کا حصہ ہے۔ بطور ڈائریکٹر مدثر نذر کی ذمہ داری ملک میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش اوراسے گروم کرنا اور ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر میں بہتری لانا ہوگی۔

مدثر نذر چھہتر ٹیسٹ اور ایک سوبائیس ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔وہ پاکستان اے اور سینئر ٹیم کے علاوہ دوہزارایک اور دو میں قومی ٹیم کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں اور گذشتہ کئی سال سے دبئی میں آئی سی سی گلوبل اکیڈمی میں کوچنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے لئے مدثرنذر آئی سی سی سے مستعفی ہورہے ہیں۔

وقت اشاعت : 06/05/2016 - 12:17:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :