معروف کرکٹر احمد شہزادکا عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ ،تھیلے سیمیا کے بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات

ملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے نوجوان شادی سے قبل تھیلے سیمیا کا ٹیسٹ ضرور کرائیں،احمد شہزادکی گفتگو

جمعہ 6 مئی 2016 18:06

معروف کرکٹر احمد شہزادکا عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ ،تھیلے سیمیا کے بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) معروف کرکٹر احمد شہزاد نے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ کیا،تھیلے سیمیا کے بچوں اور ان کے والدین سے ملاقات کی اور تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے ڈے کیئر سینٹر کا بھی دورہ کیا ،زیر ِ علاج بچوں سے ملاقاتیں کیں،ان کے ساتھ مل کر کیک کاٹا،سیلفی لی اورانھیں تحائف دیے ۔

اس موقع پر عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری، جوائنٹ سیکریٹری عبید ہاشمی،ڈاکٹر ذیشان حسین انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔قبل ازیں تھیلے سیمیا کے بچوں نے انھیں پھولوں کے ہار پہنائے اور گلدستے پیش کیے۔۔بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ کہ میرے لیے یہ خوشی کی بات ہے کہ آج میں نے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور تھیلے سیمیا کے بچوں سے ملاقاتیں کیں،8مئی کو پوری دنیا میں تھیلے سیمیا کا عالمی دن منایا جاتا ہے،پاکستان میں بھی یہ دن منایا جاتاہے ،ہمارے ملک میں تھیلے سیمیا کا مرض جس شدت سے پھیل رہا ہے اس سے ہم سب واقف ہیں،میری نوجوانوں سے اپیل ہے کہ وہ شادی سے پہلے اپنا تھیلے سیمیا کا ٹیسٹ ضرور کرائیں تاکہ اس مرض کو پاکستان میں مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اگر تھیلے سیمیا کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے تو اس کی واحد وجہ اس مرض سے متعلق آگاہی کا نہ ہونا ہے،اگر ہم سب مل کر اس مرض سے متعلق آگاہی پیدا کرنے میں اپنا کردار اداکریں تو بہت جلد اس مرض کو پاکستان سے ختم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اپنے شائقین سے تھیلے سیمیا کے بچوں کے لیے اپنے خون کے عطیے کی بھی اپیل کی۔احمد شہزاد نیملک سے تھیلے سیمیا کے خاتمے کے لیے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کی کوششوں کو سراہا اوراپنے ہر ممکن تعاؤن کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے عمیر ثناء فاؤنڈیشن آمد پر احمد شہزاد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ احمد شہزاد نے عمیر ثناء فاؤنڈیشن کا دورہ کرکے اور تھیلے سیمیا کے بچوں سے ملاقات کر کے اس مرض سے خاتمے کے لیے اپنی جس دل چسپی کا اظہار کیا ہے اس پر عمیر ثناء فاؤنڈیشن اور تھیلے سیمیا کے بچے اور ان کے والدین ان کے شکرگزار ہیں۔علاوہ ازیں عمیر ثناء فاؤنڈیشن کے تحت یکم مئی سے 8مئی تک چلائی جانے والی تھیلے سیمیا آگاہی مہم کے سلسلے میں آج شام6بجے کراچی پریس کلب میں چراغ روشن کرنے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔تقریب میں تھیلے سیمیاکے بچے،ان کے والدین اور سول سوسائٹی کے افراد شریک ہوں گے۔

وقت اشاعت : 06/05/2016 - 18:06:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :