سال کے دوسرے گرینڈسلام فرنچ اوپن کے ڈراز کا اعلان

جوکووچ کا نڈال، اینڈی مرے کا واورینکا سے سیمی فائنل میں مقابلہ متوقع

جمعہ 20 مئی 2016 17:13

سال کے دوسرے گرینڈسلام فرنچ اوپن کے ڈراز کا اعلان

پیرس ۔ 20 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 مئی۔2016ء) سال کے دوسرے گرینڈسلام ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن کے ڈراز کا اعلان کر دیا گیا ہے، عالمی نمبر ایک سربین سٹار نوویک جوکووچ کا رافیل نڈال، اینڈی مرے کا سٹانسلاس واورینکا سے سیمی فائنل میں ٹکراؤ کا امکان ہے۔ فرنچ اوپن کا باضابطہ طور پر آغاز (پرسوں) اتوار سے ہو گا، مینز سنگلز میں واورینکا اور ویمنز سنگل میں سرینا ولیمز ٹائٹلز کا دفاع کریں گی۔

(جاری ہے)

آرگنائزرز نے جمعہ کو ایونٹ کے مینز اینڈ ویمنز سنگلز ڈراز کا اعلان کر دیا ہے، عالمی نمبر ایک جوکووچ تائیوان کے پلیئر ین سن لو کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے، دفاعی چیمپئن واورینکا کو ابتدائی راؤنڈ میں جمہوریہ چیک کے پلیئر لیوکس رسل کا چیلنج درپیش ہو گا جبکہ اینڈی مرے کو پہلے راؤنڈ میچ میں کوالیفائر کھلاڑی کی آزمائش کا سامنا کرنا پڑے گا، ناک آؤٹ میں جوکووچ کا نڈال اور مرے کا واورینکا سے مقابلہ متوقع ہے۔ امریکن سٹار اور عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز ابتدائی میچ میں سلواکین پلیئر کے خلاف ٹائٹل مہم کا آغاز کریں گی۔

وقت اشاعت : 20/05/2016 - 17:13:21