ٹینس ریفریز اور کوچز کورس اگست میں ہو گا

اتوار 22 مئی 2016 13:18

ٹینس ریفریز اور کوچز کورس اگست میں ہو گا

اسلام آباد ۔ 22 مئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی۔2016ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن اگست میں ریفریز اور کوچز کورس کا انعقاد اسلام آباد میں کرے گا تاکہ ملک میں ٹینس کے فروغ اور بہتری کیلئے انٹرنیشنل کوالیفکیشن کے مزید 6 امپائرز اور ریفریز کو تیار کیا جاسکے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری محمد خالد رحمانی نے اے پی پی کو بتایاکہ فیڈریشن نے ملک میں باصلاحیت کوچز اور ریفریز کو تلاش کرنے کیلئے سال میں دو مرتبہ کورس منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پہلا کورس رواں سال اگست میں ہوگا جبکہ دوسرا کورس رواں سال کے آخر میں ہوگا۔

پہلے تین روزہ کورس میں ملک بھر سے 20 ریفریز اور کوچز مدعو کریں گے اور انہیں وائٹ بیج کے ریفری شہزاد اختر علوی اور عارف قریشی تربیت دیں گے۔

(جاری ہے)

فیڈریشن نے کورس میں شرکت کرنے والے ریفریز اور کوچز کی کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک رکھی ہے جبکہ انگریزی زبان سے واقفیت لازمی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورس میں کامیاب ہونے والے ریفریز اور کوچز کو آئی ٹی ایف کوالفکیشن ٹریننگ کیلئے بھجوائیں گے۔

کورس میں کامیاب ہونے والے امیدوار پی ٹی ایف یلو بیج امپائرز اور ریفریز کہلائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن کورس میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو پورے ملک میں نیشنل ٹورنامنٹس میں امپائرز اور ریفریز کے مواقع فراہم کریں گے تاکہ ان کی استعداد کار میں اضافہ کیاجا سکے۔ انہوں نے کہاکہ فیڈریشن نے امپائرز اور ریفریز کو کورس کرانے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کہ کیونکہ ہمارے پاس ان کی تعداد بہت کم ہے۔

وقت اشاعت : 22/05/2016 - 13:18:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :