کوپا امریکا کپ میں حکام کا گول لائن ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اعلان

جمعرات 26 مئی 2016 19:31

کوپا امریکا کپ میں حکام کا گول لائن ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اعلان

شکاگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 مئی۔2016ء) آئندہ ماہ ہونے والے کوپا امریکا کپ میں حکام نے گول لائن ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں ہاک آئی کو کیمرہ ری پلے سسٹم کے سپلائر کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔کوپا امریکا کی 100ویں سالگرہ کے ایڈیشن میں دنیا میں دس بہترین ٹیموں میں سے پانچ میدان میں نبرد آزما ہوں گی اور اس خصوصی ایونٹ کی میزبانی تین جون سے امریکا کرے گا۔

16 ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں ارجنٹینا، برازیل، یوراگوئے سمیت دیگر ٹیموں کے عالمی شہرت یافتہ اسٹارز لیونل میسی، نیمار، لوئس سواریز، جیمز روڈریگوئز اور دیگر شرکت کریں گے۔ہاک آئی سسٹم کا گزشتہ سال کینیڈا میں ہونے والے ویمنز ورلڈ کپ میں استعمال کیا گیا تھا اور یوئیفا کے ساتھ ساتھ انگلش پریمیئر لیگ، جرمن بنڈس لیگا اور اٹالین سیریز بھی اس کا استعمال کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سسٹم کے تحت کوپا امریکا کے میچز کی میزبانی کرنے والے تمام دس اسٹیڈیم کی ہر گول پوسٹ پر سات کیمرے نصب کیے جائیں گے جس میں وائبریشن اور تصویری سگنل کا استعمال کیا جائے گا جس کی بدولت جیسے ہی گیند گول لائن کراس کرے گی، امپائر کے ہاتھ موجود گھڑی میں محض ایک سیکنڈ بعد ہی گول کا اشارہ آ جائے گا۔آج تک جنوبی یا شمالی امریکا میں ہونے والے فٹبال ایونٹس میں اس کا استعمال نہیں کیا گیا اور تین جون کو امریکا اور کولمبیا کے درمیان میچ سے ایک نئی تاریخ رقم ہو جائے گی۔ایونٹ کا فائنل 26 جون نیو جرسی میں کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 26/05/2016 - 19:31:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :