ثقلین مشتاق کا 19سالہ پرانا ریکارڈ مچل سٹارک کے ہاتھوں خطرے میں پڑ گیا

جمعہ 27 مئی 2016 14:55

ثقلین مشتاق کا 19سالہ پرانا ریکارڈ مچل سٹارک کے ہاتھوں خطرے میں پڑ گیا

سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26مئی ۔2016ء ) آسٹریلیو ی فاسٹ باؤلر مچل سٹارک کے پاس سابق پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق کا تیز ترین 100ون ڈے وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کا سنہری موقع ہاتھ آگیا ہے ۔ 26سالہ آسٹریلیوی فاسٹ باؤلر مچل سٹار ک انجری کے باعث گزشتہ 6ماہ سے انجری کے باعث کرکٹ سے دور تھے اور جون میں تین ملکی سیریز کے ساتھ انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کریں گے جہاں ان کے پاس ”دوسرا “ گیند کے موجد سابق پاکستانی آف سپنر ثقلین مشتاق کا کم سے کم میچز میں 100ون ڈے وکٹیں لینے کا 19سال پرانا ریکارڈ توڑنے کا موقع موجود ہے، ثقلین نے مئی 1997ء میں 53میچز میں 100و ن ڈے شکار مکمل کرکے یہ ریکارڈ اب تک اپنے نام کیا تھا،انہوں نے 2003ء میں 169میچز میں 288وکٹیں لیکر اپنا کرکٹ کیریئر ختم کیا تھا اور انہیں ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 100،150،200اور 250 وکٹیں مکمل کرنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سٹارک اب تک 46ون ڈے میچز میں19.65کی شاندار اوسط سے 90وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور اگر وہ سہ ملکی سیریز کے 6میچز میں 10شکار کرتے ہیں تو تیز ترین 100ون ڈے شکار مکمل کرنے کا ریکارڈ انکے نام ہوسکتا ہے تاہم آسٹریلیا کے قائم مقام کوچ جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ سٹار ک انجری کے بعد بغیر کسی پریکٹس میچ کے انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کررہے ہیں اور ہمارا انہیں 3یا 4میچز کھلانے کا پلان ہے۔

وقت اشاعت : 27/05/2016 - 14:55:03