شاہ حسین شاہ برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

شاہ حسین شاہ براعظمی کوٹے پر ریو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں سیکرٹری مسعود احمد خان

اتوار 29 مئی 2016 12:32

ریوڈی جینرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مئی۔2016ء) جوڈو کے کھلاڑی شاہ حسین شاہ اس سال برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔22 سالہ شاہ حسین شاہ نے جو سابق اولمپیئن باکسر حسین شاہ کے بیٹے ہیں براعظمی کوٹے کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیارواں ہفتے قازقستان میں ہونے والے آخری کوالیفائنگ راوٴنڈ میں انھیں برازیل کے رفائیل بوزا کرینی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھاتاہم ایونٹ کے اختتام پر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے والے جن جوڈوکاز کی فہرست ترتیب دی گئی اس میں شاہ حسین شاہ کا نام شامل ہے۔

پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکریٹری مسعود احمد خان نے اس بارے میں بتایا کہ شاہ حسین شاہ براعظمی کوٹے پر ریو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل جوڈو فیڈریشن اولمپکس میں کوالیفائی کرنے والے تمام جوڈو کاز کی حتمی فہرست کا اعلان 30 مئی کو کریگی جس کی توثیق انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نو جون کو کریگی۔

انھوں نے کہا کہ کسی وزن کی ایک کیٹگری میں ایک ملک سے ایک ہی کھلاڑی کو حصہ لینے کی اجازت ہوتی ہے چونکہ سو سے کم کلوگرام کی کیٹیگری میں ایک ملک کے ایک سے زائد کھلاڑی کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے لہذا متعدد کھلاڑیوں کی اس کیٹیگری سے باہر ہونے کی وجہ سے شاہ حسین شاہ اپنی رینکنگ اور کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے شاہ حسین شاہ دو سال پہلے گلاسگو میں ہونے والی دولت مشترکہ کھیلوں میں چاندی کا تمغہ بھی جیت چکے ہیں ان کے والد حسین شاہ نے 1988 کے سول اولمپکس کے باکسنگ مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا تاہم بہتر معاشی حالت کے سبب وہ پاکستان چھوڑ کر جاپان چلے گئے تھے۔

وقت اشاعت : 29/05/2016 - 12:32:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :