مصباح الیون کو انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہونا ہو گا،صلاح الدین

اتوار 29 مئی 2016 13:34

مصباح الیون کو انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگ ہونا ہو گا،صلاح الدین

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 مئی۔2016ء) سابق چیف سلیکٹر صلاح الدین احمد صلو نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اپنی سرزمین پر ہمیشہ حریف ٹیموں کیلئے مشکل حریف ثابت ہوئی ہے، مصباح الحق الیون کو انگلینڈ کے خلاف شیڈول ٹیسٹ سیریز کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے وہاں کی کنڈیشنز سے جلد ہم آہنگی حاصل کرنا ہو گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جولائی اگست میں 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز شیڈول ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انگلش ٹیم کو اس کی سرزمین پر ہرانا گرین شرٹس کیلئے چیلنجنگ ہو گا، حتیٰ کہ آسٹریلیا کو بھی وہاں پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور گزشتہ دو ایشز سیریز میں شکست اس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے بہترین ٹیم منتخب کی گئی ہے تاہم اچھے نتائج کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھیل میں اچھی کارکردگی کیلئے فٹنس کا بڑا کردار ہوتا ہے، امید ہے کہ کاکول میں منعقدہ فٹنس کیمپ سے کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر ہوئی ہو گی جس کا انہیں دورہ انگلینڈ میں فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میرا قومی کھلاڑیوں کو مشورہ ہے کہ وہ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز دیکھیں اس سے انہیں انگلش ٹیم کی خامیوں اور کمزوریوں کے بارے معلوم ہو سکے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ بطور سینئر پلیئر یونس خان اور مصباح الحق کا سیریز میں کردار بہت اہم ہو گا تاہم اس کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بھی اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا بہترین موقع ہے۔

وقت اشاعت : 29/05/2016 - 13:34:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :