قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ کیلئے ہتھیار تیز کر نے کا سکلز کیمپ پیر کو شروع ہوگا

اتوار 29 مئی 2016 14:07

قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ کیلئے ہتھیار تیز کر نے کا سکلز کیمپ پیر کو شروع ہوگا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2016ء) قومی کر کٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کیلئے ہتھیار تیز کر نے کا سکلز کیمپ پیر کو نیشنل کر کٹ اکیڈمی میں شروع ہوگا، کھلاڑیوں کو دورئہ انگلینڈ میں سیمنگ پچز پر جنگ جیتنیکیلئے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیا ہے ، انگلشکنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلئے پچز کو قدرے نرم رکھتے ہوئے گھاس چھوڑ دی گئی،ڈیوک جیسی ابھری سلائیوں والی گیندوں کا انتظام بھی کرلیا گیا، ٹریننگ کیمپ میں کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے روزانہ 3سیشن ہوا کریں گئے ، ڈسپلن پر لیکچرز اور کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں، این سی اے ہیڈکوچ مشتاق احمد ٹریننگ کی نگرانی کرینگے۔

ٹرینر و فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور معاون اسٹاف اپنے اپنے شعبوں میں ذمہ داریاں سنبھا لیں گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں فٹنس کیمپ ختم ہونے کے بعد کرکٹرز جمعے کو اپنے گھروں کو روانہ ہوگئے،ان میں سے دورئہ انگلینڈ کیلئے شارٹ لسٹ کیے جانیوالے 21 کھلاڑی اتوارکی شب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کر دی ہے اور پیر کو اسکلز کیمپ شروع ہوجائیگا، ٹریننگ کا یہ سلسلہ5جون تک جاری رہے گا، ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارکر مشکل ٹور میں درپیش چیلنجز کی تیاری کیلئے این سی اے اسٹاف کی معاونت سے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیا ہے، انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کو سیمنگ کنڈیشنز میں کھیلنا ہوگا جہاں پچز قدرے نرم اور ان پر گھاس بھی ہوتی ہے۔

لاہور کے سخت گرم موسم میں اس طرح کی ٹرف تیار کرنا آسان نہیں ہوتا تاہم اس سے ملتی جلتی کنڈیشنزکیلیے قذافی اسٹیڈیم میں پچز کو قدرے نرم رکھتے ہوئے گھاس چھوڑ دی گئی،میدان میں پویلین کے دائیں اور بائیں طرف 4،4 اور وسط میں6ٹرف تیار کی گئی ہیں، اوپنرز کو پریکٹس کرانے کیلئے سیمنٹ پچ بھی موجود ہے، چند ٹرف اسپنرز بیشتر سیمرز کیلئے موزوں ہیں، مشین کی سلائی والی کوکابورا کے بجائے انگلینڈ میں ڈیوک بال استعمال ہوتی ہے، ہاتھ سے سلی ہونے کی وجہ سے سلائیوں کے دھاگے قدرے ابھرے ہوئے ہوتے ہیں۔

اس سے ملتی جلتی گیندیں سیالکوٹ میں بھی تیار ہوتی ہیں، پی سی بی کی جانب سے ان کا بھی انتظام کرلیا گیا ہے، تربیتی کیمپ کا جو شیڈول مرتب کیا گیا اس کے مطابق کھلاڑی صبح10سے دوپہر ایک بجے تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں انڈورپریکٹس کرینگے، لنچ اور آرام کے بعد سہ پہر ساڑھے3بجے صرف بولرز کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی،ایک گھنٹہ طویل سیشن مکمل کرنے کے بعد شام ساڑھے 4سے7بجے تک تمام پلیئرز میدان میں موجود ہونگے، وہاں بیٹنگ اور بولنگ میں مہارت بہتر بنانے کیلیے نیٹ پریکٹس جاری رہے گی۔

ساتھ ہی ایک طرف فیلڈنگ کا سیشن بھی ہوگا، حساس ٹور کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیمپ کے دوران ڈسپلن پر لیکچرز کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلیے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی پاکستان آمد4جون کو متوقع ہے، اس وقت اسکلز کیمپ اختتامی مراحل میں ہوگا، موجودہ صورتحال میں این سی اے کے ہیڈ کوچ مشتاق احمد ٹریننگ کی نگرانی کریں گے۔

ٹرینر و فیلڈنگ کوچ گرانٹ لیوڈن، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور معاون اسٹاف اپنے اپنے شعبوں میں ذمہ داریاں سنبھالنے کیلیے موجود ہونگے، چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کیلیے کیمپ کا دورہ کرینگے۔ یاد رہے کہ دورئہ انگلینڈ کیلیے شارٹ لسٹ21 کھلاڑیوں میں اوپنرز محمد حفیظ، سمیع اسلم، خرم منظور اور شان مسعود، مڈل آرڈر بیٹسمین اظہرعلی، یونس خان ، مصباح الحق، اسد شفیق، افتخار احمد، آصف ذاکر اور اکبر رحمان، وکٹ کیپرز سرفراز احمد اور محمد رضوان،پیسرز محمدعامر، راحت علی، عمران خان، سہیل خان، جنیدخان اور احسان عادل، اسپنرز یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر شامل ہیں،گھٹنے کی انجری کا شکار محمد حفیظ کی اسکلز کیمپ میں شرکت مشکوک ہے۔

وقت اشاعت : 29/05/2016 - 14:07:32