صحافیوں کو چاہیے کہ وہ ٹورنامنٹ کے ذریعے کھیلوں کی سرگرمیوں کو اجاگر کریں، کرکٹر جاوید میانداد

کراچی پریس کلب میرا گھر ہے میں یہاں آنے پر فخر محسوس کرتا ہوں یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے] میڈیا کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں ہیں

پیر 30 مئی 2016 23:03

صحافیوں کو چاہیے کہ وہ ٹورنامنٹ کے ذریعے کھیلوں کی سرگرمیوں کو اجاگر کریں، کرکٹر جاوید میانداد

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 مئی۔2016ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی جانب سے منعقد ہ سپر سکس کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات کی تقر یب سے خطاب کر تے ہو ئے پاکستان کے مایہ ناز اور عالمی شہرت یا فتہ کر کٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے 42 صحافتی اداروں کی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ کے کا میاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ملک کے دوسرے شہر وں کے صحافیوں کو بھی چاہیے کہ وہ بھی اسی طرح کے ٹورنامنٹ کے ذریعے کھیلوں کی سرگرمیوں کو اجاگر کریں تاکہ صحافیوں میں سے بھی کھلاڑی نکل کر قومی کرکٹ ٹیم میں شامل ہوسکیں۔ کراچی پریس کلب میرا گھر ہے میں یہاں آنے پر فخر محسوس کرتا ہوں یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا کے بغیر ہم کچھ بھی نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کی شام کراچی پریس کلب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے زیر اہتمام سپر سکس کرکٹ ٹورنامنٹ کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس ( دستور) کے صدر افسر عمران، سیکرٹری شعیب احمد، نائب صدر نعمت خان، جوائنٹ سیکرٹری اور ٹورنامنٹ کے آرگنائزر قاضی محمد یاسر، وقار بھٹی اور خازن حامد الرحمن اعوان، انفارمیشن سیکرٹری منیر عقیل انصاری، ایس ایم اشرف،نا در خا ن کراچی پریس کلب کے سیکرٹری اے ایچ خانزادہ، جوائنٹ سیکرٹری رضوان بھٹی، حنیف اکبر، سوئی سدرن گیس کمپنی کے شہباز اسلام،چیف میڈیا منیجر محمد علی گو ہر ،سلمان صد یقی،ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیموں سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد تقر یب میں شر یک تھی۔

جاوید میانداد نے مز ید کہا کہ اسپورٹس کے پھیلاؤ میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔ میڈیا کے بغیر پاکستان کی کوئی چیز مکمل نہیں ہے۔ آج میں جو کچھ بھی ہوں میڈیا کے لوگوں کی وجہ سے ہوں ۔ میری خدمات ہمیشہ آپ لوگوں کے لیے رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست میں آنا نہیں چاہتے البتہ عمران خان سے ان کے دیرینہ تعلقات ہیں ۔ پاکستان میں کرکٹ تو ہو رہی ہے مگر کھلاڑی نہیں ہیں، سلیکشن کمیٹی ”ون مین “ شو ہے کرکٹ کے معاملے میں ملک کی عزت و وقار اور مفادات کو پیش نظر رکھنا چاہئے۔

اس موقع پر جاوید میانداد نے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔ جاوید میانداد نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں بولرز کی کمی نہیں جبکہ بیٹسمین کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی ون مین شو کے علاوہ کچھ نہیں ہے، افغانستان جیسے ملک میں بھی کرکٹ ترقی کر رہی ہے مگر ہمارے یہاں کرکٹ کی صورتحال خراب ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کھیل کو بچانے کے لئے سفارش کلچر کا خاتمہ ضروری ہے، کھلاڑیوں کی سلیکشن کا مرحلہ نچلی سطح سے شروع ہونا چاہئے یونین، تعلقہ اور ضلعی سطح پر کھلاڑی کے آنے کے بعد قومی ٹیم میں سلیکشن کے لئے ٹرائل ہونا چاہئے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ سیاست میں آنا نہیں چاہتے جبکہ عمران خان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ وزیر اعظم محمد نواز شریف کو جلد صحت یاب فرمائے ۔ صدر کراچی یونین آف جرنلسٹس( دستور) کے صدر افسر عمران نے ٹورنامنٹ میں جیتنے والی ٹیموں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے یو جے آئندہ بھی صحافیوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھے گی۔

اور صحافیوں کی مشکلات کے حل کے لیے جدوجہد کر تی رھیگی۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے آج کا دن ایک عظیم دن ہے ۔ اس دن میں فخر پاکستان جاوید میانداد کے ساتھ بیٹھا ہوں۔ انہوں نے جاوید میانداد کا شکریہ ادا کر تے ہو ئے کہا کہ انہوں نے ہمارے ٹورنامنٹ کی تقریب میں شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی ہے۔ کے یو جے سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ کراچی یونین آف جرنلسٹس ہمیشہ صحافیوں کی بھلائی کے ساتھ ساتھ کھیل و تفریح کے مواقع فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر ٹورنامنٹ کے آرگنائزنگ کمیٹی اور شرکت کرنے والی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی میڈیا سے تعلق رکھنے والے افر اد KUJکے تحت ہونے والی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں گے اور اسی طر ح پروگرام کو کامیاب بنائیں گے۔ پروگرام کے اختتام پر پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر جاوید میانداد سمیت دیگر لوگوں کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئیں۔

بعد ازاں کے یو جے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔واضح رہے کہ کر اچی یو نین آ ف جر نلسٹس دستو ر کے زیر اہتما م سپر سکس کرکٹ ٹورنامنٹ میں کراچی کی الیکٹرونک،پرنٹ میڈیا اور نیوز ایجنسیوں کی 42ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ٹورنامنٹ 29اور 30اپر یل کی شب کراچی پریس کلب کے بیک یا رڈ میں کھیلا گیا۔ ٹورنامنٹ کی فا تح فوٹوگرافرز الیون ،جبکہ آج ٹی وی کی ٹیم رنراپ رہی ۔

وقت اشاعت : 30/05/2016 - 23:03:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :