سال کے تیسرے گرینڈسلام ومبلڈن اوپن ٹینس کا آغاز کل ہوگا

ہفتہ 25 جون 2016 16:22

سال کے تیسرے گرینڈسلام ومبلڈن اوپن ٹینس کا آغاز کل ہوگا

لندن ۔ 25 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جون۔2016ء) سال کے تیسرے گرینڈسلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کا آغاز پیر سے انگلینڈ میں ہو گا جس میں نوویک جوکووچ مینز اور سرینا ولیمز ویمنز سنگلز ایونٹس میں ٹائٹلز کا دفاع کریں گی۔ سابق عالمی نمبر ایک اور چودہ مرتبہ کے گرینڈسلام چیمپئن رافیل نڈال نے انجری مسائل کے باعث ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

جوکووچ کو مینز اور سرینا ولیمز کو ویمنز سنگلز ایونٹس کیلئے بھی ٹاپ سیڈ مقرر کیا گیا ہے، اعلان کردہ ڈراز کے مطابق جوکووچ اور راجر فیڈرر، اینڈی مرے اور سٹانسلاس واورینکا کا سیمی فائنلز میں آمنا سامنا ہو سکتا ہے۔ 10 جولائی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دنیائے ٹینس کے نامور مردوخواتین کھلاڑی مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں ٹائٹلز کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گے، مینز سنگلز میں جوکووچ، ویمنز سنگلز میں سرینا ولیمز، مینز ڈبلز میں جین جولین راجر اور ہوریا ٹیکوا، ویمنز ڈبلز میں ثانیہ مرزا اور مارٹینا ہنگس جبکہ مکسڈڈبلز میں مارٹینا ہنگس اور لینڈرپیس ٹائٹلز کا دفاع کریں گی۔ جوکووچ ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔

وقت اشاعت : 25/06/2016 - 16:22:46