جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ اہم ثابت ہوگا، طاہر زمان

پیر 27 جون 2016 14:24

جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ اہم ثابت ہوگا، طاہر زمان

لاہور۔27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون۔2016ء) قومی جونیئر ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے کہا ہے کہ رواں سال دسمبر میں بھارت کے شہر لکھنو میں ہونے والے جونیئر ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کا دورہ یورپ بہت اہم ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ دورہ یورپ سے نہ صرف کھلاڑیوں کو تجربہ ملے گا بلکہ ان میں اعتماد بھی پید ا ہوگا۔

دورہ یورپ کے لئے قومی جونیئر ٹیم کا آئندہ چند روز میں اعلان ہوگا۔ ٹیم 12جولائی کو جرمنی روانہ ہوگی جہاں وہ 21-24 جولائی کو ہین اوور میں ہونے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں حصہ لے گی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان، جرمنی، ہالینڈ اور بیلجیئم شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے پہلے قومی جونیئر ہاکی ٹیم ہالینڈ کی انڈر 21 ٹیم کے خلاف 14اور15جولائی کو میچز کھیلے گی پھر 17 ، 18 اور 19 جولائی کو جرمنی کے کلبوں کے خلاف میچز کھیلے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہاکی کھیلنے والے دیگر ممالک گزشتہ تین سالوں سے اپنی جونیئر ٹیموں کی تیاری کروانے میں مصروف ہیں جبکہ ہم نے ایک سال قبل ہی تیاری شروع کی ہے لیکن ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس کم وقت سے بھی زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے۔ ہاکی فیڈریشن کے موجودہ حکام ہاکی کی بہتری کے لئے ہر قدم اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جونیئر ہاکی ٹیم کے دفاع کے شعبہ پر زیادہ زور دیا جارہا ہے جبکہ پنلٹی کارنرز، ڈرلز ، سٹرائکنگ مہارت ، فزیکل فٹنس پر بھی کام ہو رہا ہے۔

ایبٹ آباد میں فزیکل ٹریننگ کیمپ کے انعقاد سے کھلاڑیوں کی فٹنس میں کافی بہتری آئی ہے اور ان کھلاڑیوں کو فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلا یا گیا ہے جس سے ان کی فٹنس مزید بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یورپ کے دورہ کا دوسرا مرحلہ اگست میں اسپین اور فرانس میں شروع ہوگا جہاں قومی جونیئر ٹیم 29 ، 30 اور 31 اگست کو اسپین کی انڈر 23 ٹیم کے خلاف سیریز کھیلے گی، اس کے بعد قومی جونیئر ٹیم فرانس کے خلاف 2 سے 10ستمبر تک چھ میچوں کی سیریز کھیلے گی جس میں فرانس کی سینئر ڈویلپنڈ سائڈ اور تین انڈر 21 ٹیم کے خلاف میچز ہوں گے۔

طاہر زمان نے کہاکہ دورہ کے کافی مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ٹیم کی پرفارمنس کا صحیح اندازہ نومبر میں سلطان جوہر کپ ہاکی ٹورنامنٹ ملیشیا میں ہوگا ۔ا س ٹورنامنٹ میں یو رپ اور ایشیا کی تمام ٹاپ ٹیمیں حصہ لے رہی ہوں گی۔اس ٹورنامنٹ کے نتائج سے پتہ چلے گا کہ ہماری ٹیم کی طاقت کیا ہے۔

وقت اشاعت : 27/06/2016 - 14:24:02