تیسرا رمضان نائیٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل سکھر کی ٹیم نے جیت لیا

خواتین میں کراچی کی ٹیم بازی لے گئی، فائنل میچ کے مہمان خصوصی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ تھے

پیر 27 جون 2016 20:26

تیسرا رمضان نائیٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل سکھر کی ٹیم نے جیت لیا

سکھر۔ 27جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون ۔2016ء)تیسرا رمضان نائٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل سکھر کی ٹیم نے جیت لیاجبکہ خواتین میں کراچی کی ٹیم بازی لے گئی،جاری کردہ اعلامیہ کیمطابق فائنل میچ کے مہمان خصوصی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، نامزد میئر ارسلان اسلام شیخ، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ اور ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی تھے۔

فائنل میچ سکھر اور خیرپور کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا، دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کیا گیا،تاہم سکھر کی ٹیم 6گول کرنے میں کامیاب ہوگئی، جبکہ خیرپور کی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔ اسی طرح جونیئر ٹیموں میں دوسری پوزیشن خیرپور اور تیسری پوزیشن سکھر نے حاصل کی۔

(جاری ہے)

خواتین کے فائنل میں سکھر اور کراچی کی ٹیموں کے مابین میچ ہوا، جس میں کراچی کی ٹیم نے1-0سے کامیابی اپنے نام کی۔

جونیئر ٹیموں میں دوسری پوزیشن سکھر، جبکہ تیسری پوزیشن خیرپور کی خواتین کی ٹیم ے حاصل کی۔فائنل میچز کے اختتام پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے وزارت سے گذارش کروں گا کہ ہاکی اسٹیڈیم کو قائم رہنے دیں کیونکہ صحتمند معاشرے کے لئے کھیل اہمیت کے حامل ہیں ، نوجوانوں کو چاہئے کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سکھر اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے تعاون سے یہ ٹورنامنٹ انتہائی کامیاب رہا ۔

اس موقع پر سندھ وومین ہاکی ایسوسی ایشن کی جنرل سیکریٹری ارم بخاری نے سید خورشید احمد شاہ، ایس ایس پی سکھر اور ارسلان اسلام شیخ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں درخواست کی پیپلزہاکی اسٹیڈیم میں اس طرح کے مزید بڑے ٹورنامنٹ کرائے جائیں جس میں ملک بھر کی ٹیمیں شرکت کریں تاکہ ہاکی جو ہمارا قومی کھیل ہے اس کو مزید فروغ مل سکے ۔آخر میں سید خورشید احمد شاہ اور ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر وحید اصغر بھٹی نے فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کیئے جبکہ انتظامیہ، ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو بھی خصوصی شیلڈیں دی گئیں، فائنل میں امپائرنگ کے فرائض سجاد کمبوہ اور محمد کاشف نے سرانجام دیئے، جبکہ دونوں میچز کے دوران شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود تھی۔

وقت اشاعت : 27/06/2016 - 20:26:02