آئی سی سی کو نئے ڈویژن سسٹم کو کامیاب بنانے کیلئے پاک بھارت کر کٹ یاد آگئی

جمعرات 30 جون 2016 15:50

آئی سی سی کو نئے ڈویژن سسٹم کو کامیاب بنانے کیلئے پاک بھارت کر کٹ یاد آگئی

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جون ۔2016ء)انٹر نیشنل کر کٹ کونسل ( آئی سی سی) کو نئے ڈویژن سسٹم کو کامیاب بنانے کیلئے پاک بھارت کر کٹ یاد آگئی ، نئے ڈویژن سسٹم میں روایتی حریفوں کے درمیان باقاعدگی سے مقابلوں کو ناگزیر قراردیا جا سکتا ہے، برطانوی اخبار کے مطابق نئے اسٹرکچر کی کامیابی کیلئے پاکستان اور بھارت کو سیاسی اختلافات ایک طرف رکھ کر آپس میں کھیلنے پر زور دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اب کھیل کے بین الاقوامی اسٹرکچر میں تبدیلی کیلیے مختلف تجاویز پر غور کررہی ہے، اس میں ٹو ڈویژن ٹیسٹ سسٹم اور ون ڈے لیگ شامل ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق آئی سی سی کیلیے سب سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ 2اہم نئے ایونٹس میں اگر پاکستان اور بھارت آپس میں نبرد آزما نہیں ہوئے تو پھر ان کا مزہ کرکرا ہوکر رہ جائے گا۔

(جاری ہے)

ٹوڈویژن ٹیسٹ سسٹم میں ٹاپ 7 ٹیموں کوڈویژن ون میں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر ایک دوسرے کا مقابلہ کرنا ہے۔اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر موجود ہے، اگر فرسٹ ڈویژن میں دوسرے اور تیسرے نمبر کی ٹیمیں آپس میں نہیں کھیلیں گی تو پھر اس سسٹم کے ذریعے ٹیسٹ کرکٹ کو فروغ دینے کا مقصد ہی حاصل نہیں ہوگا۔ اسی طرح ون ڈے لیگ میں 13 ٹیمیں شریک ہوں گی جو تین برس کے عرصے میں آپس میں ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کم سے کم تین، تین میچز کی سیریز کھیلیں گے۔

اسی طرح اگر پاکستان اور بھارت آپس میں ون ڈے سیریز نہیں کھیلتے تو پھر اس لیگ کی حیثیت پر بھی بہت بڑا سوالیہ نشان ثبت ہوجائے گا۔یہی وہ وجوہات ہیں جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو اب دونوں ممالک میں کرکٹ تعلقات کی بحالی کیلیے کردار ادا کرنے پر مجبور کررہی ہیں۔آئی سی سی میٹنگز میں دونوں بورڈز پر زوردیا جا سکتا ہے کہ وہ باہمی اختلافات اور سیاسی کشیدگی کو ایک جانب رکھتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ باقاعدگی کے ساتھ کرکٹ کھیلنا شروع کردیں۔

وقت اشاعت : 30/06/2016 - 15:50:40