مانچسٹر ٹیسٹ ، کیا پاکستان 58 سالوں بعد تاریخ دہرا پائے گا

اتوار 24 جولائی 2016 18:20

مانچسٹر ٹیسٹ ، کیا پاکستان 58 سالوں بعد تاریخ دہرا پائے گا

مانچسٹر(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار24جولائی ۔2016ء ) مانچسٹر ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان پر فالو آن کا خطرہ منڈلا رہا ہے تاہم آج سے58سال پہلے ایک ایسے ہی مقابلے میں پاکستانی بلے بازوں نے فالو آن ہونے کے بعد ایسی کاکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جسے دنیا آج بھی یاد رکھے ہوئے ہیں ۔ جنوری 1958ء میں پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کا دورہ کیا جہاں برج ٹاؤن ،باربڈوس میں گرین شرٹس ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کے سکور 579رنز کے جواب میں محض 106رنز پر پوویلین لوٹ گئی تھی اور ٹیم پر شکست کے بادل یقینی دکھائی دے رہے تھے تاہم دوسری اننگز میں چھوٹے قد کے بڑے کھلاڑی حنیف محمد کریز پر جم کر کھڑے ہوگئے اور ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر زکے تمام حربے بھی انہیں اپنے مشن سے ہٹانے میں ناکام رہے ۔

لٹل ماسٹر حنیف محمد نے اس ٹیسٹ میچ میں ریکارڈ 970منٹ بیٹنگ کرتے ہوئے 337رنز کی شاندار باری کھیلی جو آج بھی ایک اننگز کے دوران کریز پر بتائے گئے وقت کے حساب سے ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ان دنوں ٹیسٹ میچز 6دنوں کے ہوا کرتے تھے اور فاسٹ باؤلروں پر ایک اوور میں 2باؤنسرز کرنے کی پابندی بھی نہیں ہوا کرتی تھی جس سے حنیف محمد کی اس اننگز کی اصل قدر و قیمت کا صحیح اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔اس ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اور دوسری اننگز کے مجموعو ں کا فرق (551رنز ) آج بھی ایک ریکار ڈ ہے ۔

وقت اشاعت : 24/07/2016 - 18:20:10