پی ایس ایف رواں سال ستمبر میں 2 خواتین کھلاڑیوں کو کوریا میں تربیت کیلئے بھیجے گی

منگل 26 جولائی 2016 13:28

اسلام آباد ۔ 26 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جولائی۔2016ء) پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن رواں سال ستمبر میں 2 خواتین کھلاڑیوں کو کوریا میں تربیت کیلئے بھیجے گی جبکہ ان کے ہمراہ کوچ وہاں پر لیول ون کوچ میں حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری سید اظہر علی شاہ نے منگل کو اے پی پی کو بتایا کہ پاکستان کی 2 خواتین کھلاڑی فضہ ریاض اور رومنہ لیاقت 40 دن تک کوریا میں تربیت حاصل کرینگی جبکہ سردار نزاکت کوچ بھی ان کے ہمراہ جائیں گے وہ وہاں پر لیول ون کوچنگ کورس میں شرکت کریں گے۔

ان تینوں کے اخراجات کورین سائیکلنگ فیڈریشن برداشت کریگی۔ فیڈریشن تیسری مرتبہ اس تربیتی پروگرام کیلئے رواں سال کھلاڑیوں کو بھجوا رہی ہے، اس سے قبل رواں سال دو تربیتی پروگرام میں بھی قومی کھلاڑیوں کو بھجوایا جا چکا ہے۔ اس تربیت سے قومی کھلاڑیوں کی کھیل میں بہتری اور نکھار آئے گا۔ سید اظہر علی شاہ نے کہاکہ تربیتی پروگرام رواں سال 7ستمبر سے کوریا میں شروع ہو گا جو 40 روز تک جاری رہے گا جس میں شرکت کیلئے 3 رکنی ٹیم 5 ستمبر کو کوریا روانہ ہو گی۔
وقت اشاعت : 26/07/2016 - 13:28:41