لارڈز کے ہیرو کو اولڈ ٹریفرڈ مہنگا پڑ گیا ٗ یاسر شاہ کی پہلی سے 5ویں درجے پر تنزلی

بلے بازوں میں یونس خان ساتویں سے 10 ویں نمبر پر آگئے

منگل 26 جولائی 2016 20:45

لارڈز کے ہیرو کو اولڈ ٹریفرڈ مہنگا پڑ گیا ٗ یاسر شاہ کی پہلی سے 5ویں درجے پر تنزلی

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جولائی ۔2016ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے اولڈ ٹریفرڈ ٹیسٹ میں خراب کارکردگی کے باعث یاسر شاہ بالرز میں پہلے سے پانچویں اور بلے بازوں میں یونس خان ساتویں سے 10 ویں نمبر پر آگئے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بولنگ کے شعبے میں لارڈز ٹیسٹ کے ہیرو یاسر شاہ کو اولڈ ٹریفرڈ ٹیسٹ میں خراب کارکردگی بہت مہنگی پڑی ہے اوروہ پہلے نمبر سے پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں، بھارت کے ایشون نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 7 وکٹیں لے کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے جبکہ انگلینڈ کے جیمز انڈریسن نے دوسری اور ان کے ہم وطن کرس براڈ نے تیسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔

جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین چوتھے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

چھٹے نمبر پر بھارت کے رویندرا جدیجا ، ساتویں نمبر پر نیوزی لینڈ کے ٹروٹ بلٹ جب کہ آسٹریلیا کے ہیزلی ووڈ آٹھویں ، جنوبی افریقا کے مورنی موکل نویں جبکہ انہی کے ہم وطن ورنون فلینڈر دسویں نمبر پر ہیں۔آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ کے مطابق بلے بازوں میں آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ 925 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔

اولڈ ٹریفرڈ ٹیسٹ کے ہیرو اور پاکستان کے خلاف ڈبل سینچری بنانے والے انگلینڈ کے جو روٹ 901 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبرپر ہیں۔ تیسرے نمبرپر نیوزی لینڈ کے ولیمسن کے پوائنٹس 868 ہیں۔ جنوبی افریقا کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ 860 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ انہی کے ہم وطن اے بی ڈویلئرز 818 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبرپرہیں۔ چھٹے نمبر پر آسٹریلیا کے ووگز ہیں جبکہ ان کے ہم وطن ڈیوڈ وارنر نے پاکستان کے یونس خان کی ساتویں پوزیشن چھین کر اپنا نام درج کرالیا ہے۔

پاکستانی کپتان کی پوزیشن بہتر ہوتے ہوئے اب آٹھویں ہے انگلینڈ کے کپتان السٹر کک نویں جبکہ تنزلی کا شکار ہونے والے یونس خان اب دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھی بھارت کے ایشون بازی لے گئے ہیں اور 427 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے شکیب الحسن 384 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں جنوبل افریقہ کے فلینڈر تیسرے ، انگلینڈ کے کرس براڈ چوتھے جبکہ ان کے ہم وطن بین اسٹوکس پانچویں نمبر پر ہیں ۔ پاکستان کے محمد حفیظ اس فہرست میں اب نویں نمبر پر ہیں۔

وقت اشاعت : 26/07/2016 - 20:45:04