لنکن بورڈ سے لڑائی، مرلی دھرن کے دفاع میں سنگاکارا اور جے وردنے سامنے آگئے

بدھ 27 جولائی 2016 14:29

لنکن بورڈ سے لڑائی، مرلی دھرن کے دفاع میں سنگاکارا اور جے وردنے سامنے آگئے

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جولائی ۔2016ء) سری لنکا کے سابق کپتان کمارسنگاکارا اپنے سابق ساتھی مرلی دھرن کے دفاع میں سامنے آگئے، جنھیں آسٹریلیا کے ساتھ بطور کنسلٹنٹ کام کرنے پر شدید تنقیدکا نشانہ بنایا گیا اور کرکٹ سری لنکا کی جانب سے مختلف الزامات عائد کیے جارہے ہیں۔سنگاکارا نے ٹویٹ کی کہ مرلی دھرن سری لنکا کے عظیم بیٹے ہیں، انھیں اپنے دفاع کی کوئی ضرورت نہیں، وہ اپنے ملک سے محبت کرتے اور کسی بھی جگہ کوچنگ یا کنسلٹنٹ کے طور پر کام کرنے کیلیے آزاد ہیں، سری لنکا کرکٹ کسی بھی وقت انھیں کوچنگ کیلیے کہے وہ تیار ہوں گے، ان کی کسی بھی دوسری ٹیم کے ساتھ موجودگی دراصل کھیل کو کچھ واپس لوٹانے کیلیے ہے، وہ اپنے ملک کیلیے آن اور آف دی فیلڈ خدمات انجام دے چکے اور اب بھی کسی بھی حیثیت میں کام کرنے کیلیے دستیاب ہونگے، ہمیں ان پر فخر کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سری لنکا کے سابق کپتان جے وردنے کو مرلی دھرن پر الزامات دیکھ کر اپنا مشکل وقت یاد آگیا۔ سابق سپر اسٹار اسپنر کو آسٹریلوی ٹیم کا کنسلٹنٹ بننے پر غدار قرار دیا جارہا ہے۔ جے وردنے نے کہاکہ مجھے سری لنکا کرکٹ کی جانب سے مرلی کیخلاف کمنٹس سن کر بہت مایوسی ہوئی، میں بھی کچھ ماہ پہلے ایسی ہی صورتحال سے دوچار رہا، میں صرف اتناکہوں گا کہ لوگ حالات اور صورتحال دونوں کا ادراک رکھتے ہیں، جب تک بورڈ دونوں سائیڈز کی کہانی نہ سن لیتا اسے کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔

وقت اشاعت : 27/07/2016 - 14:29:51