پنجاب سپورٹس بورڈ میں ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کیلئے سیکرٹری سروسز سے درخواست کردی گئی،نیئر اقبال

جمعہ 29 جولائی 2016 16:18

لاہور۔29 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جولائی۔2016ء) سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال نے کہا ہے کہ پنجاب سپورٹس بورڈ میں ڈائریکٹر جنرل کے خالی عہدہ پر تقرری کیلئے سیکرٹری سروسز پنجاب سے درخواست کردی گئی، امید ہے کہ جلد ہی نئے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری ہوجائے گی۔ اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ بہت اہم ہے اور ہماری کوشش ہے کہ جلد ازجلد اس عہدہ پر تجربہ کار آفیسر تعینات ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے چند روز قبل ہی سیکرٹری سپورٹس کا عہدہ سنبھالا ہے اور پنجاب میں نئے پلے فیلڈز، ای لائبریریز کی ڈویلپمنٹ، جمنیزیم کی تعمیر سمیت کھیلوں کے دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کے کاموں کی رفتار کے بارے میں بریفنگ لی ہے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ جلد از جلد انہیں مکمل کریں۔

(جاری ہے)

ڈویلپمنٹ کے کاموں کا جائزہ لینے کیلئے انہوں نے خود بھی مختلف اضلاع کے دورے کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ویژن میں صوبہ کی تمام تحصیلوں، ڈسٹرکٹ، ڈویژن اور صوبائی سطح پر انٹرنیشنل معیار کا کھیلوں کا انفراسٹرکچر قائم کرنا ہے جس سے باصلاحیت کھلاڑیوں اور یوتھ کو ٹریننگ دے کر صحت مندانہ سرگرمیوں میں مشغول کیا جاسکے۔ پنجاب حکومت کا مقصد ہے کہ صوبہ میں کھیلوں کے کلچر کو ترقی دی جائے، سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں کو پروان چڑھایا جائے، صوبہ میں کھیلوں کی ترقی کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں، انٹرنیشنل معیار حاصل کیا جائے اور نئے سٹینڈر ڈزقائم کئے جائیں جنکی پوری دنیا پیروی کرے۔

پنجاب حکومت چاہتی ہے کہ تما م اضلاع میں سپورٹس اکیڈمیز قائم کرکے کھیلوں کے ویٹرنز کو نوجوانوں کو ٹریننگ دینے کیلئے مشغول کرے ۔ باصلاحیت کھلاڑیوں، کوچز، سپورٹس ویٹرنز کو وظیفہ دینا، غیر ممالک میں کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کا قیام، کھیلوں کے موجودہ انفراسٹرکچر کی بحالی و اپ گریڈیشن اور گاؤں سے صوبے تک صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا حکومت پنجاب کا ویژن ہے جس پر عمل در آمد کیلئے صوبائی وزارت کھیل کے حکام دن رات محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا سرمایہ ہوتے ہیں، پنجاب حکومت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بھرپور مواقع فراہم کررہی ہے، گزشتہ سالوں میں سپورٹس فیسٹیول اور پنجاب یوتھ فیسٹیول میں لاکھوں نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے مواقع ملے اور نوجوانوں نے دنیا کو ثابت کیا کہ پاکستان کی یوتھ دنیا کی بہترین یوتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں زیر تعمیر انٹر نیشنل سوئمنگ پول کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے، اس کے ساتھ جم میں بھی جدید آلات نصب کر دیئے گئے ہیں، پول میں بین الاقوامی معیار کی تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، بین الاقوامی وقومی مقابلے بھی اسی پول میں منعقدکروائے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 29/07/2016 - 16:18:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :