نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز ، ساؤتھ افریقہ نے 15رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا

بدھ 3 اگست 2016 12:55

نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز ، ساؤتھ افریقہ نے 15رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا

جوہانسبرگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 اگست۔2016ء) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز کیریبین پریمیئرلیگ (سی پی ایل) کے دوران زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوگئے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے فیف ڈوپلیسی کو کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔اے بی ڈی ولیئرز سی پی ایل کے دوران کہنی کی انجری کا شکار ہوئے تھے اور اگلے 6 ہفتوں تک کرکٹ سے دور ہوں گے۔

جنوبی افریقہ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلے گی جس کے لیے فاسٹ باوٴلر مورنے مورکل بھی زخمی ہونے کے باعث دستیاب نہیں ہوں گے۔مورنے مورکل کمر کی تکلیف کا شکار ہیں اور انھیں 6 ہفتوں کے لیے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔گزشتہ ایک سال کے دوران ٹیم سے باہر ہونے والے فاسٹ باوٴلر ڈیل اسٹین اور ورنن فلینڈر کو 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا میچ 19 اگست کو ڈربن اور دوسرا ٹیسٹ 27 اگست کو سنچورین میں شروع ہوگا۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے آل راوٴنڈر وین پارنل کو بھی شامل کرلیا گیا ہے جنھوں نے دسمبر 2013 سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا۔واضح رہے 2004 میں ڈیبو کرنے والے ڈی ولیئرز کے کیریر میں یہ پہلی دفعہ ہوگا جب وہ زخمی ہوکر ٹیسٹ سیریز میں شامل نہیں ہوں گے۔

ڈی ولیئرز کو ہاشم آملہ کی جانب سے کپتانی سے دستبرداری کے اعلان کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے دونوں طرز کا کپتان مقرر کردیا گیا تھا۔فیف ڈوپلیسی جنوبی افریقہ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے مستقل کپتان ہیں اور تین ون ڈے میچوں میں بھی ٹیم کی قیادت کریں گے۔نیوزی لینڈ کے خلاف جنوبی افریقہ کی 15 رکنی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ فاف ڈوپلیسی(کپتان)، کائل ایبٹ، ہاشم آملہ، ٹیمبا بیوما، اسٹیفن کک، کوئنٹن ڈی کوک، جے پی ڈومینی، ڈین ایلگر، کرس مورس، وین پارنل، ورنن فلینڈر، ڈین پیڈٹ، کگیسو رابادا، ڈیل اسٹین، اسٹیان وین زیل۔

وقت اشاعت : 03/08/2016 - 12:55:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :