ڈربن ٹیسٹ ،جنوبی افریقہ نے پہلے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنا لئے

ہفتہ 20 اگست 2016 14:28

ڈربن ٹیسٹ ،جنوبی افریقہ نے پہلے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنا لئے

ڈربن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔20 اگست۔2016ء) جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کی نپی تلی باوٴلنگ کے سامنے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے افتتاحی میچ کے پہلے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنا لیے۔ڈربن میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کی کپتان فیف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے مشکل ثابت ہوا۔

اے بی ڈی ولیئرز کی عدم موجودگی میں جنوبی افریقہ کے بیٹنگ شروع سے ہی لڑکھڑاتی نظر آئی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 33 رنز بنے۔اوپنر اسٹیفن کک 20 رنز بنا کر آوٴٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے جس کے بعد ڈین ایلگر مجموعے میں 8 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹے، انھوں نے 19 رنز بنائے تھے۔تجربہ کار بلے باز ہاشم آملہ نے ڈومینی کے ساتھ شراکت میں 61 رنز کا اضافہ کیالیکن ڈومینی بھی صرف 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے اس وقت میزبان ٹیم کا اسکور 102 رنز تھا۔

(جاری ہے)

ڈومینی کے آوٴٹ ہوتے ہی ہاشم آملہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور 106 کے مجموعے پر بولٹ کا شکار بنے، آملہ نے سب سے زیادہ 53 رنز بنائے۔فیف ڈوپلیسی بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام ہوئے تاہم ٹیمبا بووما کے ساتھ پانچویں وکٹ پر 54 رنز کا اضافہ کر کے 160 کے اسکور پر 23 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔کوئنٹن ڈی کوک نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنائے جبکہ بووما نے 46 رنز کی قدرے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی لیکن کیوی باوٴلر سینٹنر نے انھیں بھی نشانہ بنایا۔

پہلے روز آوٴٹ ہونے والے آخری بلے باز ورنن فلینڈر تھے جو 8 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے، دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 236 رنز بنائے تھے۔کگیسو رابادا 14 اور ڈیل اسٹین 2 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔نیوزی لینڈ کے باوٴلرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے بلے بازوں کو وکٹ پر ٹھہرنے کا موقع ہی نہیں دیا۔کیوی ٹیم کی جانب سے نیل ویگنر نے 3، ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔واضح رہے جنوبی افریقہ کے کپتان اے بی ڈی ولیئرز زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہیں ان کی جگہ فیف ڈوپلیسی کپتانی کی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔

وقت اشاعت : 20/08/2016 - 14:28:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :