آل راؤنڈر جیمز فالکنر کا نام بھی ون ڈے انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک بنانے والے بولرز کی فہرست میں شامل ،یہ اعزاز پانے والے چھٹے آسٹریلوی بن گئے

جمعرات 25 اگست 2016 14:18

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 اگست۔2016ء) آل راؤنڈر جیمز فالکنر کا نام بھی ون ڈے انٹرنیشنل میں ہیٹ ٹرک بنانے والے بولرز کی فہرست میں جگمگانے لگا، وہ یہ اعزاز پانے والے چھٹے آسٹریلوی بن گئے۔فالکنر نے گزشتہ روز سری لنکا سے سیریز کے دوسرے میچ کے 2 اوورز میں تین کھلاڑیوں کو مسلسل گیندوں پر آؤٹ کیا، 26 سالہ لیفٹ آرم پیسر نے اپنی پہلی وکٹ اننگز کے 46ویں اوورکی آخری گیند پر حاصل کی۔

(جاری ہے)

سری لنکن بیٹسمین کوشل پریرا ایل بی ڈبلیو ہوئے، یہ فالکنر کے کوٹے کا آٹھواں اوور تھا، اس کے بعد48ویں اوورز میں دوبارہ آسٹریلوی کپتان نے انھیں گیند تھمائی، جب انھوں نے اپنی ابتدائی دو بالز پر 2 شکار کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی، پہلے اینجیلو میتھیوز ان کا نشانہ بنے، لانگ آف پوزیشن پر موئسس ہینرکس نے اپنے دائیں جانب دوڑتے ہوئے کیچ لیا، اگلی گیند پر تھشارا پریر ا کی وکٹیں اڑگئیں، فالکنر نے سیریز کے پہلے ون ڈے میں38رنزکے عوض4شکار کرتے ہوئے مین آف دی میچ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا، اس مقابلے میں ان کی پرفارمنس 45رنز کے بدلے 3 وکٹیں رہیں
وقت اشاعت : 25/08/2016 - 14:18:33