چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے خفیہ ملاقات میں قیادت کی پیشکش کی تھی :مصباح الحق

جمعہ 26 اگست 2016 15:47

چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے خفیہ ملاقات میں قیادت کی پیشکش کی تھی :مصباح الحق

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26اگست۔2016ء )قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے انکشاف کیا ہے کہ اس وقت کے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے خفیہ ملاقات میں انہیں قیادت کی پیشکش کی تھی۔کرکٹ آسٹریلیا کیلئے لکھے گئے اپنے خصوصی کالم نے مصباح الحق نے بتایا کہ 2010 ء میں سپاٹ فکسنگ سے متاثرہ دورہ انگلینڈ کے بعد پاکستان کی جنوبی افریقہ کیخلاف متحدہ عرب امارات میں شیڈول سیریز سے ایک ماہ قبل سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کے سکریٹری نے انہیں فون کر کے پیغام پہنچایا کہ چیئرمین ملاقات کرنا چاہتے ہیں، اعجاز بٹ اس ملاقات کو خفیہ رکھنا چاہتے تھے جس کیلئے ملاقات کا انتظام ایک کلرک کے کمرے میں کیا گیا ،میں نے بھی حالات کی نزاکت کا اندازہ لگاتے ہوئے اپنے اہلخانہ تک سے بھی اسکا تذکرہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

مصباح کا کہنا تھا کہ چیئرمین نے کہا کہ ان کے پاس زیادہ آپشن نہیں ہیں اور اے ٹیم کی قیادت کے تجربے کی وجہ سے وہ مجھے کپتانی سونپنے کا سوچ رہے ہیں۔اس موقع پر اعجاز بٹ نے ان سے رائے مانگی جس پر میں نے ان سے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ میں ایسا کرنیکی صلاحیت رکھتا ہوں تو میں یہ ذمہ داری نبھانے کی پوری کوشش کروں گا لہٰذا میں نے ٹیم کی قیادت سنبھالنے کی پیشکش قبول کر لی۔

مصباح کا مزید کہنا تھا کہ 6 سال میں میرے لیے سب سے بڑی کامیابی انگلینڈ کیخلاف 2012 ء کا تاریخ وائٹ واش تھا کیونکہ اس سیریز کے بارے میں بہت باتیں ہو رہی تھیں اور انگلینڈ اس وقت نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم تھی پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان نے سری لنکا کیخلاف 377 رنز کے ہدف تک رسائی اور پھر بالآخر انگلینڈ کے خلاف اسی کی سرزمین پر سیریز ڈرا کرنے کو بھی تاریخی لمحہ قرار دیا۔

وقت اشاعت : 26/08/2016 - 15:47:16