دوسرا ون ڈے،پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 252رنز کا ہدف

ہفتہ 27 اگست 2016 18:10

دوسرا ون ڈے،پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کے لیے 252رنز کا ہدف

لندن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27اگست۔2016ء ) 5ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 252رنز کا ہدف دے دیا ہے ۔ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے جارہے میچ میں پاکستانی کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا ۔پہلے اوپنر سمیع اسلم کرس ووکس کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے اورپھر اگلے ہی اوور میں شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے مارک ووڈ کے ہاتھوں آؤٹ ہوکر پوویلین جابیٹھے،کپتان اظہر بھی محض ایک ہی گیند کے مہمان ثابت ہوئے اور کرس ووکس کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے ۔

بابر اعظم نے سرفراز احمد کیساتھ ملکر چوتھی وکٹ کے لیے 64رنز جوڑے جس کے بعد بابر 30رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے۔شعیب ملک اور سرفراز احمد نے 5ویں وکٹ کے لیے 59رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد ملک 28رنز بنا کر چلتے بنے۔

(جاری ہے)

سرفراز اور عماد وسیم کے مابین چھٹی وکٹ کے لیے 77رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس دوران سرفراز نے اپنے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری بھی مکمل کی،وہ 105رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔عماد وسیم نے تو ایک اینڈ سنبھالے رکھا تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 50ویں اوور میں 251رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ،عماد 63رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔انگلینڈ کیلئے ووکس اور ووڈ نے تین ، تین ،پلنکٹ نے دو جبکہ عادل رشید نے ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 27/08/2016 - 18:10:25