پہلا ٹی ٹونٹی ،ویسٹ انڈیز سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1رن سے کامیاب

ہفتہ 27 اگست 2016 22:42

پہلا ٹی ٹونٹی ،ویسٹ انڈیز سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1رن سے کامیاب

فلوریڈا(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27اگست۔2016ء ) دو ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو ایک رن سے شکست دے دی ہے ۔ امریکہ میں کھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں پر 246رنز بنائے ۔ اوپنر ایڈورڈ لوئیس نے محض اپنے دوسرے میچ میں بھارتی باؤلر ز کی دل کھول کرپٹائی کرتے ہوئے 49گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔

ان کے علاوہ جونسن چارلس نے 33گیندوں پر 79رنز بنا کر بھارتی باؤلرز کو تگنی کا ناچ نچایا۔ ان کے علاوہ رسل(22)،پولارڈ (22)اور براتھویٹ نے بھی بھارتی باؤلرز پر ہاتھ صاف کیا۔246رنز کے ہدف کے تعاقب میں اجنکے رہانے (7) اور کوہلی (16) کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد روہت شرما نے لوکیش راہول کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 91رنز جوڑے جس کے بعد روہت شرما 62رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

راہول اور دھونی نے ویسٹ انڈین باؤلرز کی دھلائی شروع کی اور ایک وقت میں میچ بھارت کی جھولی میں نظر آرہا تھا، آخری اوور میں بھارت کو جیت کے لیے 9رن درکار تھے جبکہ آخری گیند پر کپتان دھونی 2رن بنا کر نئی تاریخ رقم کرسکتے تھے تاہم انہوں نے میچ چھکے سے ختم کرنے کی کوشش کی لیکن براوو کی سلو بال نے ویسٹ انڈیز کو 1رن سے فتح دلا دی ۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزا ز سری لنکا کے پاس ہے جس نے کینیا کیخلاف 260 رنز بنائے تھے ۔ ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب ایک میچ میں دو سنچریاں سکور ہوئیں، یہ کسی بھی ٹی ٹونٹی میں سکور ہونے والے سب سے زیادہ مجموعی رنز تھے ۔

وقت اشاعت : 27/08/2016 - 22:42:34