روس کی پیرالمپکس میں پابندی کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا

ریو میں پیرالمپکس کا آغاز آئندہ سات ستمبر سے ہو گا

منگل 30 اگست 2016 21:31

روس کی پیرالمپکس میں پابندی کا فیصلہ چیلنج کر دیا گیا

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 اگست ۔2016ء) روس کے 100 سے زائد ایتھلیٹس نے پیرالمپکس میں پابندی کو چیلنج کرتے ہوئے انٹرنیشنل پیرا لمپکس کمیٹی کو ریو گیمز میں شرکت کی اجازت دینے کیلئے تحریری طور پر درخواست کردی ہے۔ریاست کی زیرسربراہی ڈوپنگ پروگرام چلانے کے الزام میں روس کی پیرالمپکس میں شرکت پر پابندی عائد کردی گئی تھی اور کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے اس پابندی کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا جس کو روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا تاہم روسی پیرالمپکس کمیٹی نے کہا کہ متعدد ایتھلیٹس نے اس فیصلے کو چیلنج کردیا ہے۔

روسی پیرالمپکس کمیٹی کے نائب صدر پیول روزکوو نے کہا کہ ریو گیمز کیلئے منتخب ہونے والے 266 میں سے 100 سے زائد ایتھلیٹس نے انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سامنے انفرادی طور پر اپنے مقدمے پیش کیے ہیں۔

(جاری ہے)

2012 کے لندن اولمپکس کی چمپئن اولیسیا ولادیکینا بھی ممکنہ طور پر ان ایتھلیٹس میں شامل ہیں اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ مجھ پر پابندی لگانے کی کوئی وجہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پیرالمپکس میں شرکت کی اجازت طلب کرنے کیلئے ذاتی حیثیت میں کمیٹی کو دستاویزات بھیج دی ہیں، میں سچ اور اپنے نام کیلئے لڑائی جاری رکھوں گی ادھر انٹرنیشنل پیرالمپکس کمیٹی نے پیر کو تصدیق کی کہ انہیں روسی ایتھلیٹس کے خطوط موصول ہوئے ہیں اور اس معاملے پر غوروخوض جاری ہے۔ ریو میں پیرالمپکس کا آغاز آئندہ سات ستمبر سے ہو گا۔

وقت اشاعت : 30/08/2016 - 21:31:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :