تیسرا ون ڈے ، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے ریکارڈ 445رنز کا ہدف

منگل 30 اگست 2016 21:55

تیسرا ون ڈے ، انگلینڈ کا پاکستان کو جیت کے لیے ریکارڈ 445رنز کا ہدف

ناٹنگھم(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30اگست۔2016ء )5ون ڈے میچز کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں اگلینڈ نے پاکستان کو 445 رنز کا کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف دے دیا ہے ۔ ٹرینٹ برج ، ناٹنگھم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کافیصلہ کیا ،برطانوی اوپنرز نے ٹیم کو 33رنز کا آغاز دیا جس کے بعد حسن علی نے روئے کو15رنز پر پوویلین واپس بھیج دیا ۔

ایلکس ہیلز نے جو روٹ کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 248رنز کا اضافہ کیا اور اس دوران ہیلز نے اپنے ون ڈے کیریئر کی چوتھی اور پاکستان کے خلاف دوسری سنچری بھی مکمل کی ،ہیلز ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کے لیے سب سے بڑی انفرادی اننگز بنانے والے کھلاڑی بنتے ہی171رنز بنا کر حسن علی کے ہاتھوں پوویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

جو روٹ 85رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، مورگن اور جوز بٹلر نے چوتھی وکٹ کیلئے 12اوورز میں 161رنز کی شراکت داری بنا کر انگلینڈ کا سکور 444رنز تک پہنچا دیا،بٹلر 90اور مورگن نے 57رنز کی اننگز کھیلی ۔

پاکستان کیلئے حسن علی نے 2اور نواز نے ایک وکٹ لی،انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف 400رنز بنانے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔واضح رہے انگلینڈ نے ابتدائی دونوں میچز میں پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا جب کہ قومی ٹیم کو سیریز بچانے کے لیے آج کا میچ جیتا ضروری ہے ۔ انگلینڈ کی جانب سے 444 رنز کا ٹوٹل ایک روزہ کرکٹ میں ایک اننگ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔ اس سے قبل سری لنکا نے ہالینڈ کیخلاف 2006ء میں 443رنز سکور کرکے ورلڈ ریکارڈ بنایا تھا ۔

وقت اشاعت : 30/08/2016 - 21:55:41