سابق بھارتی کرکٹرز بھی نفرت کی بولی بولنے لگے

اتوار 25 ستمبر 2016 13:08

سابق بھارتی کرکٹرز بھی نفرت کی بولی بولنے لگے

ممبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 ستمبر - 2016ء) سابق بھارتی کرکٹرز بھی پاکستان کے خلاف نفرت کی بولی بولنے لگے، سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے مداخلت رکنے تک باہمی مقابلوں کا نام نہیں لینا چاہیے، چیتن شرما نے کرکٹ اور فلموں سمیت ہر طرح کے تعلقات ختم کردینے کا مشورہ دیدیا۔تفصیلات کے مطابق بھارتی بورڈ کے صدر انوراگ ٹھاکر سیاسی کشیدگی کا نزلہ کرکٹ پر گرانے میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں، انھوں نے اپنی حکومت کا موقف دہراتے ہوئے پاکستان پر دہشت گردوں کی معاونت کا الزام عائد کرتے ہوئے باہمی سیریز کو ناممکن قرار دیا تھا، گزشتہ روز سابق بھارتی کرکٹرز بھی ان کی ہمنوائی کرتے نظر آئے، سابق کپتان سارو گنگولی نے کہا کہ شائقین روایتی حریفوں کے میچز دیکھنا چاہتے ہیں، مگر ماضی میں بھی اس نوعیت کے حالات پیدا ہونے پر کرکٹ مقابلے منسوخ ہوتے رہے ہیں،سرحد پار سے مداخلت جاری رہنے کی وجہ سے یہ ممکن نہیں کہ دونوں ملکوں کے مابین میچز ہوں، اگر پاکستان باہمی مقابلوں کا انعقاد چاہتا ہے تو اسے سرحد پار سے مداخلت کا سلسلہ فوری طور پر ختم کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ میں اچھی طرح آگاہ ہوں کہ انوراگ ٹھاکر کس تناظر میں بات کررہے ہیں،ان کا موقف درست ہے کہ امن و سلامتی کو خطرات میں ڈالنے والے ملک سے کرکٹ نہیں کھیلی جاسکتی، 2 بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر چیتن شرما نے کہا کہ صرف کرکٹ ہی نہیں، پڑوسی ملک کے ساتھ دیگرکھیلوں اور فلموں سمیت تمام شعبوں میں روابط ختم کردینا چاہیئں،دہشت گردوں کی حمایت جاری تک کسی بھی قسم کا تعلق رکھنے کی ضرورت نہیں۔

وقت اشاعت : 25/09/2016 - 13:08:26