تیسراٹی ٹونٹی ،پاکستان نے کالی آندھی کے خلاف کلین سویپ مکمل کرلیا

منگل 27 ستمبر 2016 23:52

تیسراٹی ٹونٹی ،پاکستان نے کالی آندھی کے خلاف کلین سویپ مکمل کرلیا

ابو ظہبی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار27 ستمبر۔2016ء )تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے آخری مقابلے میں وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ ہی پاکستان نے کالی آندھی کیخلاف کلین سویپ مکمل کر لیا ہے ۔ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جانسن چارلس اور آندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا تو عماد وسیم میں پہلے میچ والی جھلک دکھائی دی اور انہوں نے میچ کے تیسرے ہی اوور کی دوسری گیند پر چارلس کو 5 رنز پر آؤٹ کیا اور اگلی ہی ڈیلیوری پر والٹن کو بولڈ کرکے ویسٹ انڈیز کو پھر سے مشکلات سے دوچار کردیا۔

آندرے فلیچر بھی 17 رنز کے مجموعی سکور پر 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

پہلے ٹی ٹونٹی میں نصف سنچری سکور کرنے والے تجربہ کار ڈووین براوو بھی 11 رنز پر عماد وسیم کا شکار بنے جب کہ نکولس پوران 16 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ سیمیولز اور پولارڈ آخری اوورز میں بڑی ہٹ مارنے میں ناکام رہے ، دونوں نے 44گیندوں پر 37رنز کی شراکت داری قائم کی ، سیمیولز 42اور پولارڈ 16رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔

پاکستان کیلئے عماد وسیم نے 3اور نواز نے ایک شکار کیا ۔پاکستان نے 104رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا آغاز کیا تو شرجیل خان 11اور خالد لطیف 20رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے تاہم شعیب ملک اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ کے لیے 68رنز جوڑ کر پاکستان کے ’کلین سویپ‘ میں اہم کردار اداکیا،ملک 43اور بابر عظم 27رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے۔ویسٹ انڈیز کے لیے ولیمز نے دو شکار کیے۔

ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی عالمی چیمپئن کو ”کلین سویپ “ کی ہزمیت کا سامنا کرنا پڑا ۔ آخری معرکے کے لیے دونوں ٹیم میں 2،2 تبدیلیاں کی گئیں ، پاکستان نے وہاب ریاض اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور رومان رئیس کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے کیسرک ولیمز اور چیڈوک والٹن کو ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کی خاص بات یہ تھی کہ گرین شرٹس کے کپتان سرفراز احمد قیادت ملنے کے بعد پہلی مرتبہ مکمل سیریز میں قائدانہ صلاحیتیں دکھا رہے تھے جس میں وہ کامیاب رہے اور سیریز میں کلین سویپ مکمل کرلیا ۔

وقت اشاعت : 27/09/2016 - 23:52:59