قومی جوڈو ٹیم کے کوچ سجاد کاظمی کے ویزے کا کیس وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوا دیا گیا، امید ہے کہ وہ تربیتی کیمپ کو جوائن کر لیں گے، مسعود احمد

بدھ 28 ستمبر 2016 15:18

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) ایران سے تعلق رکھنے والے قومی جوڈو ٹیم کے کوچ سجاد کاظمی کے ویزے کا کیس وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوا دیا گیا ہے، امید ہے سجاد کاظمی گرینڈ سلیم کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کرنے پاکستان آئیں گے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر مسعود احمد خان نے اے پی پی کو بتایا کہ قومی جوڈو ٹیم کے ہیڈ کوچ سجاد کاظمی رمضان المبارک میں چھٹیاں گزارنے کیلئے ایران گئے تھے لیکن عیدالفطر کے بعد ان کے ویزے کی مدت ختم ہو گئی تھی جس کی وجہ سے وہ پا کستان نہیں آ سکے۔

فیڈریشن نے ان کے ویزے کی مدت کی توسیع کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ کو درخواست بھجوائی تھی لیکن اب ان کا کیس وزارت بین الصوبائی رابطہ میں پہنچ چکا ہے امید ہے کہ سجاد کاظمی کو بہت جلد پاکستان کا ویزہ مل جائے گا اور وہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی گرینڈ سلیم کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کو تربیت دینے پاکستان آئیں گے۔

(جاری ہے)

سجاد کاظمی اور پاکستان جوڈو فیڈریشن کے درمیان 2017ء تک سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط ہو چکے ہیں۔ فیڈریشن سجاد کاظمی کی سینٹرل کنٹریکٹ میں مزید ایک سال کی توسیع کیلئے کوشش کر رہا ہے اور وہ اس حوالے سے پاکستان سپورٹس بورڈ اور وزارت بین الصوبائی رابطہ سے درخواست کرینگے۔
وقت اشاعت : 28/09/2016 - 15:18:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :