گرینڈسلیم جوڈو ٹورنامنٹ، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں اسلام آباد یا پشاور میں شروع ہو گا

بدھ 28 ستمبر 2016 15:19

اسلام آباد ۔ 28 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 ستمبر۔2016ء) پاکستان جوڈو فیڈریشن (پی جے ایف) کے زیر اہتمام اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون سے گرینڈ سلیم کی تیاری کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اکتوبر کے پہلے ہفتے اسلام آباد یا پشاور میں لگایا جائے گا۔ ایونٹ میں شرکت کے لئے پاکستانی ٹیم 26 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات روانہ ہوگی۔

پی جے ایف کے نائب صدر مسعود احمد خان نے اے پی پی کو بتایا کہ تربیتی کیمپ میں 15کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا اور انہیں کوچ جدید اور اعلی معیار کی تربیت دیں گے۔انہوں نے کہا کہ گرینڈ سلیم 27 سے 31اکتوبر 2016ء تک متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں کھیلا جائے گا جس میں سات رکنی ٹیم پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کی تیاری کے لئے فیڈریشن نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو مراسلہ بھجوایا ہے کہ گرینڈ سلیم کے لئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لگایا جائے امید ہے کہ سپورٹس بورڈ کی اجازت کے بعد اسلام آباد یا پشاور میں قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں لگایا جائے گا۔

مسعود احمد خان نے کہا کہ گرینڈ سلیم میگا ایونٹ ہے جس میں پوری دنیا کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آتے ہیں اس لئے اس ایونٹ کے لئے باصلاحیت اور مستند کھلاڑیوں کا دستہ تیار کرکے انہیں ایونٹ کے لئے بھجوائیں گے تاکہ وہ گرینڈ سلیم میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں کافی ٹیلنٹ ہے اور امید ہے کہ گرینڈ سلیم میں قومی کھلاڑی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کامیابی کے ساتھ وطن واپس لوٹیں گے۔
وقت اشاعت : 28/09/2016 - 15:19:21