یونس خان نے پاک بھارت کر کٹ کو خطے میں کھیل کے فروغ کیلئے ضروری قرار دیدیا

ْ سیاست کو کھیل سے بالکل الگ رکھنا چاہیے٬پاک بھارت کر کٹ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو تو میدان بھر جاتے ہیں٬کبھی بھی ریکارڈ کیلئے نہیں کھیلا٬ٹیسٹ کر کٹ میں10 ہزار رنز تک جلد سے جلد پہنچنا چاہتا ہوں٬یونس خان کا انٹرویو

جمعرات 20 اکتوبر 2016 19:11

یونس خان نے پاک بھارت کر کٹ کو خطے میں کھیل کے فروغ کیلئے ضروری  قرار دیدیا
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اکتوبر2016ء) پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات خطے میں کھیل کے فروغ کے لیے ضروری ہیں۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمین یونس خان پاک بھارت کرکٹ کو اس خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کو کھیل سے بالکل الگ رکھنا چاہیے۔یونس خان نے ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں ایک انٹرویو میں کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت ایک دوسرے سے دنیا کے کسی بھی حصے میں کھیلتے ہیں تو میدان بھر جاتے ہیں۔

اس کرکٹ کو دنیا دیکھتی ہے اور اس کی زبردست مقبولیت ہے لہذا ضروری ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کو سیاست سے دور رکھتے ہوئے جاری رکھا جائے اس سے اس خطے میں کرکٹ کو فروغ ملے گا۔یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی اہم ترین ٹیموں میں سے ایک ہے لہذا پاکستان کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ٹیسٹ میچز ملنے چاہیئیں اور ان کی خواہش ہے کہ پاکستان میں دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ شروع ہو۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں بہت زیادہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کرکٹ ہورہی ہے لیکن ٹیسٹ کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگ بھی بہت بڑی تعداد میں ہیں اس کے علاوہ کسی بھی کرکٹر کی اصل اہمیت اس کے ٹیسٹ میچز سے ظاہر ہوتی ہے۔یونس خان کو ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز کی تکمیل کے لیے پانچ سو چوالیس رنز درکار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کبھی بھی ریکارڈ کے لیے نہیں کھیلے لیکن وہ اپنے دس ہزار رنز تک جلد سے جلد پہنچنا چاہتے ہیں۔ یہ ان کے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات ہوگی کیونکہ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ہوں گے۔
وقت اشاعت : 20/10/2016 - 19:11:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :