چٹاگانگ ٹیسٹ: بین سٹوکس نے کروڑوں بنگالیوں کے دل توڑ دیئے

پیر 24 اکتوبر 2016 12:34

چٹاگانگ ٹیسٹ: بین سٹوکس نے کروڑوں بنگالیوں کے دل توڑ دیئے

چٹاگانگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24اکتوبر۔2016ء )کرکٹ کے بانی انگلینڈ نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 22 رنز سے شکست دے کر میزبان ٹیم کا ٹیسٹ میچ جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا ،بین سٹوکس کو بیٹنگ اور باؤلنگ میں بہترین کارکردگی دکھانے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم ،چٹاگانگ میں کھیلے گئے میچ کے پانچویں روز بنگلہ دیش نے 279 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز کے ساتھ اننگز شروع کی تو انہیں جیت کے لیے صرف 33 رنز درکار تھے،بنگلہ دیش کی واحد امید صابر رحمان تھے جو 59 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ دوسری جانب تیج الاسلام 11 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ دے رہے تھے ۔

دونوں بلے باز اس دن کو یادگار بنانے کا خواب لئے میدان میں اترے لیکن ان کے تمام بین سٹوکس کے ہاتھوں چکنا چور ہوگئے جنہوں نے پہلے تائیج الاسلام اور پھر اسی اوور میں شفیع الاسلام کی وکٹ لیکر انگلینڈ کو 22رنز سے کامیابی دلا دی ۔

(جاری ہے)

برطانوی ٹیم کی جانب سے گیرتھ بیٹی نے 3، معین علی ،بین سٹوکس اور براڈ نے 2،2جبکہ عادل رشید نے ایک وکٹ حاصل کی ۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 293 بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیش نے 248 رنز بنائے ۔ 45 رنز کی برتری کے ساتھ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 240 رنز سکور کیے تھے جس میں سٹوکس کی 85رنز کی شاندار اننگز شامل تھی ۔

وقت اشاعت : 24/10/2016 - 12:34:20