ابوظہبی ٹیسٹ،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 456رنز کا ہدف دیدیا

پیر 24 اکتوبر 2016 13:40

ابوظہبی ٹیسٹ،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 456رنز کا ہدف دیدیا

ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار24اکتوبر۔2016ء )3ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے چھوتھے دن کھانے کے وقفے پر اپنی دوسری اننگز میں 2وکٹوں کے نقصان پر 227رنز سکور کرنے کے بعد اننگز ڈکلیئر کرکے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 456رنز کا ہدف دیدیا ہے ۔ابو ظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے ایک وکٹ پر 114رنز کیساتھ اننگز شروع کی تو اظہر علی 79رنز بنانے کے بعد کمنز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، یونس خان اور اسد شفیق نے ویسٹ انڈیز کو مزید کوئی وکٹ لینے محروم رکھتے ہوئے کھانے کے وقفے پر پاکستان کا سکور 227رنز تک پہنچا دیا،اسد 17ویں نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد58اور یونس29رنز کیساتھ ناٹ آؤ ٹ رہے ،ویسٹ انڈیز کیلئے کمنز اور گیبریئل نے 1 ،1 شکار کیا ۔

کھانے کے وقفے کے دوران ہی مصباح الحق نے امپائرز اور ویسٹ انڈین ٹیم کو اننگز ڈکلیئر کرنے کے فیصلے کے بارے میں آگاہ کردیا جس کے بعد اب کالی آندھی کو یہ ٹیسٹ جیتنے کے لیے 456رنز بنانا ہوں گے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈیز نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو دوندرا بشو اور جرمائن بلیک ووڈ بغیر کھاتا کھولے وکٹ پر موجود تھے ، بلیک ووڈ 8 رنز بنا کر راحت علی کا شکار بنے جبکہ بشو 20رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،چیز 22 ، ہوپ 11 ،کمنز 3اور گیبریل 13رنز بنا کر پوویلین لوٹے، کپتان ہولڈر 31رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔

پاکستان کیلئے یاسر شاہ نے 4، راحت علی نے 3جبکہ سہیل خان نے 2شکار کیے۔پاکستان کیلئے اظہر علی اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کیلئے 93رنز جوڑے، سمیع اسلم نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد گیبریل کی گیند پر آؤٹ ہوئے ، اظہر علی اور اسد شفیق نے ویسٹ انڈیز کو مزید کوئی وکٹ نہ لینے دی اور پاکستان نے دن کے اختتام پر 1وکٹ کھو کر 114رنز بنالیے، کالی آندھی کیلئے واحد کامیاب باؤلر گیبریل رہے ، اظہر علی 52اور اسد شفیق 5رنز کیساتھ کریز پرمو جود ہیں ،گرین شرٹس کو میچ میں 342رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 304 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو مصباح الحق 90 اور نائٹ واچ مین یاسر شاہ بغیر کھاتا کھولے وکٹ پر موجود تھے، یاسر شاہ 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان مصباح الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 96 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، سرفراز احمد نے 56 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد نواز نے 25 اور سہیل خان نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریل نے 5 اور جیسن ہولڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ روندرا بشو اور کریگ بریتھ ویٹ کے حصے میں 1،1 وکٹ آئی جبکہ قومی بولروں نے ویسٹ انڈین بیٹسمینوں کو پریشان کیے رکھا، راحت علی نے 2 اور یاسر شاہ نے 1 وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور سمیع اسلم نے اننگز کا آغاز کیا لیکن پہلے میچ میں ٹرپل سنچری بنانیوالے ا ظہر علی بغیر کوئی رن بنائے گیبریل کی گیند پر بولڈ ہوکر پویلین لوٹ گئے ۔

سمیع اسلم اور اظہر علی میں دوسری وکٹ کیلئے 36رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جسکے بعد سمیع 6رنز بنا کر بشو کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد اسد شفیق ڈینگی کو شکست دیکر ٹیم میں واپسی کرنیوالے یونس خان کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 87 رنز جوڑنے کے بعد 68 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہو گئے ۔یونس خان وکٹ پر ڈٹے رہے اور کپتان مصباح الحق کے ہمراہ 175 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس دوران تجربہ کاربیٹسمین نے اپنے کیریئر کی 33 ویں سنچری سکور کی لیکن وہ پہلے دن کے اختتام سے کچھ اوور پہلے ہی 127 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔

قبل ازیں ٹاس جیت کر کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پنک بال سے کھیلتے وقت غیر یقینی صورت حال کا سامنا تھا کیونکہ آپکو نہیں پتا چلتا کہ بال کب سوئنگ ہو نا شروع ہوجائے لیکن سرخ بال سے کھیلنے میں آسانی محسوس کرتے ہیں۔ دوسری جانب ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ وکٹ خشک ہے ، ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن سرخ بال سے گیند کرانے میں آسانی ہوگی۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، بابر اعظم کی جگہ یونس خان کو شامل کیا گیا ہے جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر کو آرام دیکر راحت علی اور ذوالفقار بابر کو موقع دیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دبئی میں کھیلے جانیوالے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں گرین کیپس نے کالی آندھی کو 56 رنز سے شکست دی تھی۔

وقت اشاعت : 24/10/2016 - 13:40:10