سرکاری سطح پر بننے والی زیر تعمیر بائیو مکینک لیب ڈیڈ لائن کے 16ماہ گزر جانے کے باوجود نامکمل

پیر 24 اکتوبر 2016 15:03

سرکاری سطح پر بننے والی زیر تعمیر بائیو مکینک لیب ڈیڈ لائن کے 16ماہ گزر جانے کے باوجود نامکمل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اکتوبر2016ء)وفاقی حکومت کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں میں پلیئرز کے ایکشن پر اٹھنے والے اعتراضا ت کو دور کرنے کیلئے ملک میں سرکاری سطح پر بننے والی زیر تعمیر بائیو مکینک لیب ڈیڈ لائن کے 16ماہ گزر جانے کے باوجود مکمل کرنے میں ناکام ہو گئی جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ نے دور حاضر کی مشینری کی خریداری اور بائیو مکینک لیب کی تکمیل کیلئے مزید 8کروڑ روپے کے فنڈز مانگ لئے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سرکاری سطح پر اسلام آباد میں بننے والی پہلی بائیو مکینک لیب کی سٹڈی 2003ء میں کئی گئی جس کا پی سی ون منظوری کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام نے حکومت کو بھجوایا جو 8سال تک سرد خانہ کی نظر رہا جس کے بعد 2011میں بائیو مکینک لیب کی رپورٹ پر دوبارہ نظر ثانی کی گئی اور سال 2013ء میں بائیو مکینک لیب کی تعمیر کیلئے پی سی ون منظور کرنے سمیت اس منصوبہ کی تکمیل کیلئے دو سال کا عرصہ مقرر کرتے ہوئے 5کروڑ79لاکھ روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام نے اپریل 2013میں اس منصوبہ پر کام شروع کرتے ہوئے 2015ء کی پہلی سہ ماہی میں اس منصوبہ کا اسٹرکچر تو مکمل کر لیا گیا تاہم لیب میں لگائی جانیوالی مشینری پی سی ون میں طے شدہ فنڈز سے تجاوز کرنے کے باعث اسے منصوبہ کو آپریشنل نہ کیا جا سکا جبکہ اس منصوبہ کی تکمیل کیلئے پورے فنڈز جاری کرنے کی بجائے صرف 4کروڑ56لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ۔

اس ضمن میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وقار احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے بہت کوششوں کے بعد یہ منصوبہ 2003ء میں وفاقی حکومت کو پیش کیا تھا جب صرف چار ممالک میں بائیو مکینک لیب موجود تھی جبکہ اس منصوبہ کے ذریعے کرکٹرز سمیت دیگر کھلاڑیوں کی خامیوں اور ان پر اٹھنے والے اعتراضا ت کو دور کرنا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبہ کی بلڈنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اس منصوبہ کو آپریشنل کرنے کیلئے مزید 8کروڑ روپے کے فنڈز درکار ہونگے جس کی بڑی وجہ لیب میں لگنے والی مشینیں ہیں ۔

ڈاکٹر وقار نے مزید کہاکہ حکومت کی جانب سے فنڈز جاری ہوتے ہی چھ ماہ کے اندر پاکستان کی پہلی سرکاری بائیو مکینک لیب مکمل طور پر آپریشنل ہو جائے گی جس سے نہ صرف کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کیا جائے گا بلکہ ان کی تکنیک کو بھی بہتر بنانے میں یہ لیب معاون ثابت ہو گی ۔

وقت اشاعت : 24/10/2016 - 15:03:53