پرتگالی نوجوان اسٹرائیکر ریناٹو سانچز نے انگلینڈ کے مارکوس ریشفرڈ کو زیر کرتے ہوئے یورپین گولڈن بوائے ایوارڈ جیت لیا

یورپ کے بہترین نوجوان کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے سانچز کا مقابلہ ساتھی کھلاڑی کنگسلے کومان اور انگلینڈ کے ریشفرڈ سے تھا

منگل 25 اکتوبر 2016 12:33

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء)جرمن فٹ بال کلب کیلئے کھیلنے والے پرتگالی نوجوان اسٹرائیکر ریناٹو سانچز نے انگلینڈ کے مارکوس ریشفرڈ کو زیر کرتے ہوئے یورپین گولڈن بوائے ایوارڈ جیت لیا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یورپ کے بہترین نوجوان کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے سانچز کا مقابلہ ساتھی کھلاڑی کنگسلے کومان اور انگلینڈ کے ریشفرڈ سے تھا ٬ْ19 سالہ ریناٹو سانچز نے یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے انڈر21 یورپ کے بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں وین رونی٬ رحیم اسٹرلنگ٬ لیونل میسی اور سرجیوآگویرو کے ساتھ اپنا نام درج کرادیا۔

سانچز کو یہ ایوارڈ موناکو کے شہر مونٹے کارلو میں پیش کیا جائے گا۔اٹلی کے اخبار ٹوٹواسپورٹس کی جانب سے 2003 میں شروع کیے گئے اس ایوارڈ کیلئے کھلاڑی کا انتخاب یورپ بھر کے صحافیوں کے ووٹ سے کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

اطالوی اخبار نے سانچز کی تصویر اپنے سرورق پر شائع کی ۔پرتگال کیلئے 11 میچ کھیلنے والے سانچز نے رواں سیزن میں جرمن کلب سے 27.5 ملین پاؤنڈ میں معاہدہ کیا تھا اور اب تک کلب کی جانب سے 8 میچ کھیلے ۔سانچز نے یورو2016 میں 18 سال کی عمر میں حصہ لیا تھا اور ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے کم عمر ترین کھلاڑی تھے اور ٹورنامنٹ کے کم عمر کھلاڑی کا ایوارڈ بھی حاصل کیا تھا۔پرتگال نے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی قیادت میں رواں سال کھیلے گئے یوروکپ میں کامیابی حاصل کی تھی۔
وقت اشاعت : 25/10/2016 - 12:33:11