پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ٬قومی کرکٹ ٹیم کے اعلان میں تاخیر کا امکان

سلیکشن کمیٹی میں اظہر علی اور سمیع اسلم کے ساتھ تیسرے اوپنر کی پوزیشن پر ڈیڈ لاک تیسرے اوپنر کیلئے شرجیل خان ٬شان مسعود اور محمد حفیظ میں مقابلہ٬سلیکٹرز کا ڈومیسٹک میں مزید کارکردگی جانچنے کا فیصلہ

منگل 25 اکتوبر 2016 12:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 25 اکتوبر2016ء) نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستانی ٹیم کے اعلان میں مزید تاخیر کا امکان ہے۔ اظہر علی اور سمیع اسلم کے ساتھ تیسرے اوپنر کی پوزیشن پر ڈیڈ لاک پایا جاتا ہے۔سلیکٹرز شرجیل خان کے ساتھ بائیں ہاتھ کے اوپنر شان مسعود کی کارکردگی کو بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔ذرائع کے مطابق 28 اور29 نومبرسے قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں رائونڈ میں شرجیل خان اور شان مسعود کی کارکردگی کو پرکھا جائے گا۔

محمد حفیظ بڑی اننگز کھیل کر بھی اس ریس میں دوبارہ شامل ہوسکتے ہیں۔خراب فارم اور بولنگ نہ کرانے کی وجہ سے ان کا کیس کمزور ہوگیا ہے۔قائد اعظم ٹرافی اور شارجہ میں ویسٹ انڈیز کے تین روزہ میچ کو شامل کرکے شرجیل خان٬ محمد حفیظ اور شان مسعود کی کارکردگی تقریبا ایک جیسی ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل خان جو دو دن پہلے تک نیوزی لینڈ کا ٹکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے تاہم شان مسعود نے یوبی ایل کی جانب سے ڈائمنڈ گراونڈ بڑی اننگز کھیل کر سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی۔

شان مسعود کے 93 رنز نے انہیں بھی سلیکشن کی دوڑ میں شامل کردیا ہے۔ پیر کو انضمام الحق نے ساتھی سلیکٹرز کے ساتھ ٹیلی فونک میٹنگ کی جس میں طے پایا کہ قائد اعظم ٹرافی کے ایک اور رائونڈ میں اوپنرز کی کارکردگی کا جائزہ لے کر ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم پانچ نومبر کو دبئی سے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ روانہ ہوگی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین 2ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے پہلا ٹیسٹ 17نومبر یکو کرائسٹ چرچ جبکہ دوسرا ٹیسٹ 25نومبر سے ہملٹن میں کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 25/10/2016 - 12:53:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :