تیسرا شامی ٹی ٹونٹی ویٹرنز کرکٹ کپ ٬لاہور وائٹس نے ٹوٹلی کرکٹ کو اور چوہدری سپورٹس نے پنجاب کاٹیج کو ہرادیا

منگل 25 اکتوبر 2016 13:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اکتوبر2016ء) گولڈن بناسپتی کے زیر اہتمام تیسرے شامی T-20ویٹرنز کرکٹ کپ کے مقابلے علی گڑھ کرکٹ گرائونڈ پر جاری ہیں۔ لاہور وائٹس نے ٹوٹلی کرکٹ کو 6 وکٹوں اور چوہدری سپورٹس نے پنجاب کاٹیج کو 8 وکٹوںسے ہرادیا۔ پہلے میچ میں ٹوٹلی سپورٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

امیر علی نے 43٬ عاطف رانجھا 19 اور خالد حبیب نے 73 رنز ناٹ آئوٹ بنائے ۔ لاہور وائٹس کی طرف سے ریاض مسیح نے 3/22٬ کفایت حسین 2/27 اور سعید خان نے 1/31 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں لاہور وائٹس نے 17.1 اوورز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کر لیا۔ ایلٹ امپائر علیم ڈار نے دھواں داربیٹنگ کرتے ہوئے گرائونڈ کے چاروں اطراف آزادانہ سٹروک کا استعمال کرتے ہوئے 9چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 96 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔

(جاری ہے)

ندیم ظفر نے 23 اور محمد طارق نے 12 رنز بنائے۔ ٹوٹلی کرکٹ کی جانب سے فلم سٹار شان شاہد نے 3/43 اور عاطف رانجھا نے 1/12 وکٹ حاصل کیں۔ پروفیسر ناصر حسین٬ سیف اللہ امپائر جبکہ خالد وحید سکورر تھے۔ میچ کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نواز عاشق حسین قریشی نے علیم ڈار کو مین آف دی میچ کا انعام دیا۔ دوسرے میچ میں پنجاب کاٹیج نے پہلے کھیلتے ہوئے 18.5 اوورز میں تمام کھلاڑیوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

رضا خان نے 38٬ غلام مرتضیٰ 31٬ وارث علی 20 اور ملک ریاض نے 17 رنز بنائے۔ چوہدری سپورٹس کی جانب سے نور الامین نے 3/20٬ چوہدری شفقت حسین 2/30٬آغا1/8٬ محمد سمیع 1/19٬ چوہدری عباس 1/18 اور جاوید حفیظ نے 1/24 وکٹ حاصل کیں۔ جواب میں چوہدری سپورٹس نے 13 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کر لیا۔ عابد شیخ نے 39 اور عامر بٹ نے 92 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔ پنجاب کاٹیج کی طرف سے وارث علی نے 1/22 اور وحید الدین نے 1/27 وکٹ حاصل کیں۔ محمد کلیم٬ عرفان دلشاد امپائر جبکہ خالد وحید سکورر تھے۔ میچ کے اختتام پر چوہدری شفقت حسین نے عامر بٹ کو مین آف دی میچ کا انعام دیا۔
وقت اشاعت : 25/10/2016 - 13:36:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :