نیوزی لینڈ نے بھارت کو چوتھے اور اہم ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 19 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی٬ بھارتی ٹیم 260 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 241 رنز پر ڈھیر٬ راہانے کی ففٹی ناکافی ثابت٬ گپٹل 72 رنز بنا کر نمایاں٬ سائوتھی کی 3 وکٹیں٬ گپٹل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

بدھ 26 اکتوبر 2016 21:41

نیوزی لینڈ نے بھارت کو چوتھے اور اہم ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 19 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی٬ بھارتی ٹیم 260 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 241 رنز پر ڈھیر٬ راہانے کی ففٹی ناکافی ثابت٬ گپٹل 72 رنز بنا کر نمایاں٬ سائوتھی کی 3 وکٹیں٬ گپٹل میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
رانچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اکتوبر2016ء) مارٹن گپٹل کی شاندار بلے بازی کے بعد بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت کو چوتھے اور اہم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 19 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی٬ میزبان بھارتی ٹیم 260 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 48.4 اوورز میں 241 رنز پر ڈھیر ہو گئی٬ کیوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے سامنے بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ ناکام ہو گئی٬ اجنکیاراہانے کے سوا بھارت کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا٬ راہانے 57 رنز بنا کر نمایاں رہے٬ مارٹن گپٹل نے 72 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

بدھ کو رانچی سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور اہم میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 260 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا٬ مارٹن گپٹل اور ٹام لیتھم نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو 96 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا٬ گپٹل نے ڈٹ کر بھارتی بائولرز کا مقابلہ کیا اور 72 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے٬ کپتان کین ولیمسن 41٬ لیتھم 39٬ روز ٹیلر 35٬ جیمز نیشم 6٬ بی جے واٹلنگ 14 اور اینٹن ڈیوسچ 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے٬ مچل سینٹنر 17 اور ٹم سائوتھی 9 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے٬ امیت مشرا نے 2 جبکہ اومیش یادیو٬ دھاول کلکرنی٬ ہرڈک پانڈیا اور اکثر پٹیل نے ایک٬ ایک وکٹ حاصل کی۔

(جاری ہے)

جواب میں بھارتی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49ویں اوور کی چوتھی گیند پر 241 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی٬ بھارتی ٹیم کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 19 کے سکور پر اسے روہت شرما کا نقصان برداشت کرنا پڑا جو 11 رنز بنا کر سائوتھی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے٬ اس موقع پر راہانے اور ویرات کوہلی نے دوسری وکٹ میں 79 اہم رنز جوڑ کر سکور 98 تک پہنچا دیا٬ یہ پارٹنرشپ کیویز کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر سودی نے کوہلی کو آئوٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی٬ کوہلی 45 رنز بنا سکے٬ 128 کے سکور پر بھارت کی تیسری وکٹ گری جب راہانے جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 57 رنز بنانے کے بعد نیشم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے٬ 135 کے سکور پر بھارت کو اس وقت شدید دھچکا لگا جب کپتان دھونی 11 رنز بنا کر نیشم کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے٬ 154 کے مجموعی سکور پر ٹم سائوتھی نے اپنے اوور میں مسلسل دو گیندوں پر کیدر جادھو اور منیش پانڈے کو آئوٹ کر کے میزبان ٹیم پر دبائو مزید بڑھا دیا٬ پانڈے 12 اور جادھو صفر پر آئوٹ ہوئے٬ ہرڈک پانڈیا بھارت کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 9 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے٬ 205 کے مجموعی سکور پر امیت مشرا 14 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے٬ اکثرپٹیل بھارت کے نویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 38 رنز بنا کر بولٹ کی گیند پر بولڈ ہوئے٬ 207 کے سکور پر نو وکٹیں گرنے کے بعد دھاول کلکرنی کیویز بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے٬ انہوں نے اومیش یادیو کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 241 تک پہنچا کر بھارت کو جیت کی آس دلائی تاہم بولٹ نے دوسرے اینڈ پر موجود یادیو کو آئوٹ کر کے میزبان ٹیم کے جیت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا٬ یادیو 7 رنز بنا سکے٬ کلکرنی 25 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔

ٹم سائوتھی نے 3جبکہ ٹرینٹ بولٹ٬ جیمز نیشم نے دو٬ دو مچل سینٹنر اور ایش سودی نے ایک٬ ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 26/10/2016 - 21:41:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :