ْدورہ نیوزی لینڈ کے لئے اوپنرز کے سلیکشن کے باعث قومی ٹیم کے اعلان میں ایک ہفتے کی تاخیر

محمد حفیظ کی واپسی متوقع ٬ نوجوان اور باصلاحیت شرجیل خان اور شان مسعود کی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے امکانات ختم

جمعرات 27 اکتوبر 2016 14:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2016ء)قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے دورہ نیوزی لینڈ کے لئے اوپنرز کے سلیکشن کے باعث ٹیم کے اعلان میں ایک ہفتے کی تاخیر ٬ محمد حفیظ کی واپسی متوقع ٬ نوجوان اور باصلاحیت شرجیل خان اور شان مسعود کی ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے امکانات ختم ہو گئے ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ انضمام الحق کی سر براہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے اوپنرز کے سلیکشن پر پاکستان ٹیم کے اعلان میں ایک ہفتے کی تاخیر کی ہے۔

پس پردہ ہونے والی لابنگ کے بعد تجربہ کار اوپنر محمد حفیظ ایک بار آئوٹ ہونے کے بعد خاموشی سے ٹیم میں ان ہوگئے ہیں۔ صرف رسمی اعلان باقی رہ گیا ہے۔سلیکٹرز نے ٹیم انتظامیہ کے دبائو کے بعد انہیں ٹیم میں شامل کرنے کے لئے قائد اعظم ٹرافی کے ایک اور میچ کی کارکردگی کو جانچنے کا ڈرامہ رچایا ہے۔

(جاری ہے)

اس طرح نوجوان اور باصلاحیت شرجیل خان اور شان مسعود کی شمولیت کے ٹیسٹ ٹیم میں امکانات تقریباً ختم ہوگئے ہیں۔

انضمام الحق کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ کی دورہ نیوزی لینڈ میں واپسی متوقع ہے۔ نیوزی لینڈ اور آسڑیلیا کا دورہ مشکل ہوگا٬ اس لئے حفیظ سمیت سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دے سکتے ہیں۔ اظہر علی پہلے نمبر3 پر زیادہ کامیاب نہیں تھے۔ بطور اوپنر خود کو اب ایڈجسٹ کرلیا ہے۔اوپنر یا نمبر3 کی پوزیشن میں زیادہ فرق نہیں٬ کھلاڑی کو حالات کے مطابق کارکردگی دینا پڑتی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے بھی حفیظ کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔حفیظ کو یہ پیغام ملا تو وہ مشکوک بولنگ ایکشن کو دوبارہ ٹیسٹ دینے کے لئے رضامند ہوگئے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ کو یقین ہے کہ نیوزی لینڈ جانے سے قبل حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر ہوسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا کہ ٹیم انتظامیہ نے نوجوان فخر زمان کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی لیکن اس تجویز کو پذیرائی نہ مل سکی ہے۔
وقت اشاعت : 27/10/2016 - 14:04:28